امام مہدی رضی اللہ عنہ کا ظہور

تحریر:محمد ظفر نوری ازہری
ابھی کچھ دن پہلے سوشل میڈیا پر حضرت امام مہدی رضی اللہ عنہ کے حوالے سے ایک ویڈیو کافی وائرل ہوا جس میں یہ دیکھایا گیا تھا امام مہدی رضی اللہ عنہ کا جب ظہور ہوگا تو ایسا ایسا ہوگا یعنی کورونا وائرس کی احتیاط کو حضرت امام مہدی کے ظہور سے جوڑ دیا گیا!  اور وہ باتیں جن کا حقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور بے بنیاد باتیں ہیں  ان کو  کافی مرچ مسالہ لگا کر پیش کیا گیا! ویسے اسمیں کوئی حیرت کی بات نہیں ہے کیونکہ کچھ یوٹیوبرز  کی تو یہی عادت ہوتی ہے کہ ایسا کنٹین پیش کیا جائے جس سے انکے ویوزز اور سبسکرائبرز  بڑھ جائیں اور وہ یوٹیوب سے زیادہ سے زیادہ پیسہ اینٹھ سکیں!
کئی لوگوں نے اس وائرل ویڈیو اور امام مہدی  رضی اللہ تعالی عنہ کے بارے میں پوچھا کہ امام مہدی رضی اللہ عنہ کون ہیں یہ ظاہر ہوچکے ہیں یا ہونگے وغیرہ وغیرہ تو آج  اس تحریر میں امام مہدی رضی اللہ عنہ کے بارے میں کچھ باتیں پیش کرنےکی کوشش کریں گے! ان شاء اللہ تعالی 
 قارئینِ کرام !
 قیامت برپا ہونے سے پہلے جب گناہوں کا بازار گرم ہوجائےگا اچھے برے کی تمیز بالکل ختم ہوجائے گی انسان جانوروں سے بدتر زندگی گزار رہا ہوگا ہرطرف ظلم و ستم  کے سیاہ بادل چھا جائیں گے یہ دنیا کفرستان بن جائے گی اس پرفتن ماحول اور پر آشوب دور میں  پوری دنیاسے تمام اولیائے کرام حرمین شریفین پہونچ جائیں گے-(مرقاۃ المفاتیح جلد ۹) ایسے عالم میں امید کی کرن بن کر ایک ایسا نورانی بچہ پیدا ہوگا جس کے والد کا نسب امام حسن رضی اللہ تعالی عنہ  تک اور والدہ کا نسب امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ تک پہونچتا ہو گا جس کے جسم اطہر میں حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کا دودھ اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کا خون جوش مار رہا ہوگا جس کی پیشانی نور مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم  سے جگمگا رہی ہوگی جو زمین کے پورے حالات بدل کر رکھ دےگا اور ہر طرف عدل و انصاف ہو گا سب جگہ اسلامی پرچم لہرارہا ہوگا زمین کے چپے چپے پر آپ کی حکومت ہوگی اور  پوری دنیا پر حکومت کرنے والے آپ پانچویں بادشاہ ہونگے ہاں ہاں آپ ہی امام مہدی رضی اللہ عنہ ہوں گے جن کے بارے میں سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی احادیث میں بتایا(التذ کرۃ باحوال الموتی و امور الاخرۃ)احادیث کریمہ کی روشنی میں پتہ چلتا ہے کہ حضرت امام مہدی رضی اللہ تعالی عنہ  کے والد کا نام "عبد اللہ” اور آپ کا نام "محمد” ہوگا امام مہدی ابھی پیدا ہوں گے اور یہ بھی واضح رہے کہ آپ کے والد کانام حسن عسکری نہیں ہے(مرأۃ المناجیح جلد ۷)امام مہدی رضی اللہ عنہ صورت وسیرت، عادت و اطوار، اور کردار و گفتار میں ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ ہوں گے جیساکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد عالیشان ہے”مہدی مجھ سے ہیں چوڑی پیشانی والے کھڑی ناک والے سات سال حکومت فرمائیں گے”(ابو داؤد) اعلیحضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی امام مہدی رضی اللہ عنہ کا ذکر کچھ اس انداز سے فرماتے ہیں کہ: "حضرت امام مہدی(رضی اللہ عنہ)و عیسی (علیہ السلام) کے بارے میں احادیث حد تواتر کو پہنچی ہیں یہاں تک کہ آئمہ دین نے ان کا نزول اور ان کا ظہور عقائد میں داخل فرمایا”(فتاوی رضویہ ج ۲۹)
  لوگ امام مہدی رضی اللہ عنہ کو اس طرح پہچان گے کہ رمضان شریف کا مہینہ ہوگا اور ابدال(اولیاء کرام) خانہ کعبہ کا طواف کر رہے ہوں گے اور امام مہدی بھی طواف میں مصروف ہوں گے اولیاء کرام آپ کو دیکھ کر  پہچان لیں گے اور آپ سے بیعت ہونے کی درخواست کریں گے آپ منع فرما دیں گے پھر اچانک غیب سے آواز آئے گی کہ "هذا خليفة الله المهدي فاسمعواله واطيعوه”ترجمہ: یہ اللہ رب العزت کے خلیفیہ مہدی ہیں ان کی بات سنو اور ان کا حکم مانو” پھر سب لوگ آپ کے ہاتھوں پر بیعت کریں گے اور اور سب لوگ آپ کے ساتھ ملک شام چلے جائیں گے(بہارشریعت پہلا حصہ)  یہ چند باتیں حضرت امام مہدی رضی اللہ عنہ کے حوالے سے تھیں آپ ضرور یقینا تشریف لائیں گے لیکن ابھی  ان کے ظہور کا وقت نہیں ہوا ہے۔
     آخر میں ان لوگوں سے بھی گزارش کروں گا جو بغیر سوچے سمجھے کوئی بھی کیس

ا بھی ویڈیو/پوسٹ وائرل کرنے میں لگ جاتے ہیں! بغیر تحقیق کے کو ئی بھی ویڈیو یا اور کوئی دینی پوسٹ ہرگز ہرگز شیئر نہ کریں!

 کل پھر کسی نئے موضوع کے ساتھ ملتے ہیں 
ان شاء اللہ تعالی ۔
تب تک کے لیے اپنا اور اپنے اپنے گھر والوں کا خیال رکھیں ۔
اللہ تعالی ہمیں اور آپ کو دارین کی سعادتوں سے مالا مال فرمائے (آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے