مولانا یوسف اصلاحی ملت اسلامیہ کیلئے قیمتی سرمایہ تھے! سینئر صحافی و کالم نگار مولانا محمد عبدالحفیظ اسلامی کا خراج عقیدت

سینئر صحافی و کالم نگار مولانا محمد عبدالحفیظ اسلامی کا خراج عقیدت

حیدرآباد۔ 21؍ دسمبر (پریس نوٹ) سینئر صحافی و کالم نگار مولانا محمد عبدالحفیظ اسلامی نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے مشہور و معروف عالم دین و داعی اسلام مولانا محمد یوسف اصلاحی کی وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے رنج و دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مولانا یوسف اصلاحی ملت اسلامیہ کے لئے ایک قیمتی سرمایہ تھے۔ وہ کم عمری میں ہی جماعت اسلامی سے وابستہ ہوگئے تھے اور آخر عمر تک مرکزی مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند کے رکن رہے۔ ان کی علمی و دعوتی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مولانا یوسف اصلاحی تقریباً ساٹھ کتابوں کے مصنف تھے، جن میں آداب زندگی، آسان فقہ، شعور حیات، حسن معاشرت، اسلامی معاشرہ، قرآنی تعلیمات ایسی کتابیں ہیں جنہیں برصغیر میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔ مولانا اصلاحی کی قرآنی خدمات اور متعدد سورتوں کی تفاسیر کو بھی اللہ تعالیٰ نے شرف قبولیت نوازا۔ مولانا یوسف اصلاحی مشہور دعوتی رسالہ ماہنامہ ’’ذکریٰ‘‘ کے بھی مدیر اعلیٰ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں بے پناہ انتظامی و انصرامی صلاحیتوں سے نوازا تھا۔ لڑکیوں کی قدیم دینی درسگاہ جامعۃ الصالحات رامپور کے ناظم اور مرکزی درسگاہ اسلامی رامپور کے صدر کے علاوہ متعدد تعلیمی اداروں کے سرپرست تھے۔ مولانا محمد عبدالحفیظ اسلامی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مولانا یوسف اصلاحی کی خدمات کو صدقہ جاریہ بنائے، انہیں جنت میں اعلیٰ مقام اور ان کے لواحقین و وارثین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے