اشتراک ڈاٹ کام کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مورخہ ۲۰ فروری کو یک روزہ سیمینار اور مشاعرے کا انعقاد

کانکی ( مغربی بنگال ): ۹؍ فروری ۲۰۲۲
سماجی تنظیم یوتھ موومنٹ ویلفیئر سوسائٹی ، ہٹوار ( اتر دیناج پور ) کے صدر جناب وسیم احمد ، سیکریٹری جناب پرویز عالم اور اشتراک ڈاٹ کام کے بانی و منتظم جناب طیب فرقانی نے اپنے ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ اتر دیناج پور سے جاری اشتراک ڈاٹ کام کے ایک سال مکمل ہونے کے پرمسرت موقع پر ایک یک روزہ سیمینار اور مشاعرے کا پروگرام مورخہ ٢٠ ؍ فروری ٢٠٢٢ ء بروز اتوار صبح نو بجے سے منورہ ہائی اسکول کیمپس میں منعقد ہونا طے پایا ہے . اس موقع پر سیمانچل سے حالیہ دنوں میں شایع ہونے والی ادبی ، تحقیقی و تنقیدی کتابوں کی رسم رو نمائی اور کتاب میلے کا اہتمام بھی کیا جائے گا. مقالہ نگاروں اور شعرا میں سیمانچل سے تعلق رکھنے والی تمام اہم اور نمایندہ ادبی شخصیات کی شرکت متوقع ہے جن میں پروفیسر احمد حسن دانش ، اصغر راز فاطمی ، احسان قاسمی ، رفیع حیدر انجم ، ڈاکٹر انور ایرج ، ڈاکٹر قسیم اختر ، محمد منظر حسین ( اسسٹنٹ پروفیسر مولانا آزاد کالج ،کولکاتا ) عزیر احمد ، عبدالواحد مخلص ، شہزاد شمس، جہانگیر نایاب، نثار دیناج پوری، شہباز مظلوم پردیسی، محسن دیناج پوری وغیرہم کے نام شامل ہیں .
زمانہ قدیم سے سیمانچل ادب کا گہوارہ رہا ہے لیکن یہاں کی ادبی تخلیقات حاشیائی علاقہ ہونے اور دوسری وجوہات کی بنا پر پردہ خفا میں رہی ہیں اور اب تک ان پر خاطر خواہ گفتگو نہیں کی جا سکی ہے . اشتراک ڈاٹ کام کی کوشش ہے کہ اس سلسلے میں کارآمد گفتگو کا آغاز کیا جائے . لہذا سیمینار کا موضوع : "سیمانچل میں اردو زبان و ادب" طے پایا ہے .
سیمینار کے اختتام پر ایک مختصر شعری نشست کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں مقامی اور باہر سے تشریف لائے شعرا کرام کی شرکت ہوگی ۔
اشتراک ڈاٹ کام کے گزشتہ ایک برس کے کارناموں کی تفصیل پیش کی جائے گی اور اس کی مزید ترقی و مقبولیت کےلئے آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے