واٹس ایپ آپ کی شخصیت کا آئینہ ہے

ازقلم: ابوالکلام قاسمی شمسی

واٹس ایپ کو ذرائع ابلاغ میں کافی اہمیت حاصل ہوگئی ھے، اور اس نے جلد ہی بڑی مقبولیت حاصل کر لی ھے ، اس کے بے شمار فوائد ہیں تو اس سے بہت سے نقصانات بھی ہیں ، جہانتک فوائد کی بات ہے تو یہ خبروں کو پہنچانے کے لئے نہایت ہی تیز ایجنسی ھے ، منٹوں میں خبر دنیا میں پھیل جاتی ھے ، علماء کے لئے تو یہ اور بھی اہم ھے ، اس پر ہر وقت تقریر کرتے ہیں ، اشعار پڑھتے ہیں ،شعراء حضرات مشاعرہ کرتے ہیں ،ادباء حضرات اپنے مضامین لوگوں تک پہنچاتے ہیں ، ڈیبیٹ کا پروگرام چلتا ھے ، اس پر خبریں نشر کی جاتی ہیں ، غرض بےشمار فائدے ہیں ،یہ کہئے کہ دنیا مٹھی میں آگئی ھے تو بیجا نہ ہوگا ، جہاں اس کے بہت سے فوائد ہیں ، اس کے نقصانات بھی بہت ہیں ، جب اس کا چسکا لگ جاتا ھے ،تو بہت سے حضرات اسی کو تختہ مشق بنا لیتے ہیں ، ہر وقت اسی میں لگے رہتے ہیں ، اپنی پوری قابلیت اسی میں لگاتے رہتے ہیں ، اس کو ہنسی مذاق کے لئے بھی استعمال کرتے ہیں ، لوگوں کی تضحیک ، طعن و تشنیع کا بھی دور چلتا ھے ، سیاسی لیڈران اور قائدین پر بھی تنقید و تبصرے کئے جاتے ہیں ، ان میں سے بہت سی باتیں ایسی ہیں ،جن کے لئے حدود متعین ہیں ، مگر لوگ حدود سے تجاوز کر جاتے ہیں ، اور اس کا صحیح استعمال نہیں کرتے ہیں ، بہت سے لوگ فحش فلم اور تصاویر دیکھتے ہیں ، اور اس کا غلط استعمال کرتے ہیں ، بہت سی غلط تحریر گروپ میں لکھ کر دوسرے ممبران کو تکلیف بھی پہنچاتے ہیں ، اس میں فحش تصاویر بھی ڈال کر اچھے لوگوں کو دقت میں ڈالتے ہیں ، حالانکہ گروپ کو صاف ستھرا اور سنجیدہ رکھنا گروپ ممبران کی ذمہ داری ھوتی ھے ،ان ھی لوگوں پر گروپ کی اچھائی کا دارومدار ھوتا ھے ، میں بھی گروپ سے منسلک رہتا ہوں ،تاکہ گاؤں کے لوگوں کے خیالات سے استفادہ کروں ، مگر افسوس کہ اکثر مایوسی حاصل ہوتی ہے۔
واٹس ایپ گروپ پر کچھ لکھنا بہت اہم کام ھے ، اس سے لکھنے والے کی پوری شخصیت کا پتہ چلتا ھے ، یہی نہیں ، بلکہ یہ پوری شخصیت کے لئے آئینہ ہوتا ھے ، اس سے یہ بھی پتہ چلتا ھے کہ آپ کی فکر کیا ھے ، اور آپ خود کیا ہیں ، اس لئے واٹس ایپ گروپ لکھنے والے کا پول کھولتا رھتا ھے ، اس لئے واٹس ایپ گروپ پر لکھنا جلد بازی کا کام نہیں ھے ، نیز یہ خودنمائی کی جگہ بھی نہیں ھے ، اس لئے اس پر جو لکھئے ، سوچ سمجھ کر لکھئے۔
گروپ کا صحیح استعمال ضرور کیجئے ، کیا لکھ رہے ہیں ، اس کو بار بار بڑھ لیجئے ، یہ سمجھئے کہ اور لوگ بھی آپ کی تحریر کو پڑھ رہے ہیں ،
گروپ میں ایسی بات تحریر کرنی چاہئے ،جو معلوماتی ہو ، تحریر میں سنجیدگی ھو ، اخلاق پر مشتمل ھو ، تحریر میں اصلاحی باتیں ھوں ، کسی کی دل آزاری نہ ھو ، ایسا ھی گروپ اچھا سمجھا جاتا ھے
امید کہ گروپ کے ممبران اس جانب توجہ دیں گے ، اور غیر ضروری پوسٹ شیئر کرنے سے بچیں گے ، اور یہ خیال رکھیں گے کہ اس گروپ پر دوسروں کا بھی حق ہے۔