"نڈر بنیں، اپنے وقار کو برقرار رکھیں۔” ایڈوکیٹ یوسف مچھالا

ایس آئی او جنوبی مہاراشٹر کی جانب سے بتاریخ 18 ستمبر 2022 کو دارالفیض مدنپورہ بائیکلہ میں قانون(لاء) کی تعلیم حاصل کر رہے طلباء و طالبات کے لئے یک روزہ” لاء گائیڈنس پروگرام” کا انعقاد کیا گیا جس میں پورے مہاراشٹرا سے 40 سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی۔
طلباء و طالبات میں حق کے ساتھ کھڑے ہونے، ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے اور ظلم و زیادتی کے خلاف لڑنے کے جذبے کو فروغ دینا،قانون کے میدان میں کیریئر کے مواقعوں سے آگاہی اور قانون کی تعلیم حاصل کر رہے طلباء کے آپس میں تعلقات استوار کرانا اس پروگرام کے اہم مقاصد تھے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل جناب یوسف مچھالا صاحب، جناب افروز صدیقی( ایڈوکیٹ بامبے ہائی کورٹ) جناب میر نغمان علی (ایڈووکیٹ ناگپور ہائی کورٹ) عبدالرب شیخ (ایڈوکیٹ بامبئے ہائیکورٹ) محمد شائن (ایڈوکیٹ بامبے ہائی کورٹ) عبدالمتین صاحب(ایڈووکیٹ بامبے ہائی کورٹ)، ایڈوکیٹ شعیب انعامدار ( جوائنٹ سیکریٹری، اے پی سی آر) اور رافد شہاب (جوائنٹ سکریٹری، ایس آئی او ساؤتھ مہاراشٹر) موجود تھے۔

افتتاحی کلمات میں آصف قریشی (سیکریٹری برائے رابطہ عامہ، ایس آئی او ساؤتھ مہاراشٹر) نے پروگرام کی غرض و غایت بیان کی. اس موقع پر مقررین نے طلباء کی رہنمائی کی اور زبانوں کے عبور حاصل کرنے پر زور دیا خصوصاً انھوں نے کہا کہ "وکالت کے پیشے میں انگریزی زبان پر عبور ناگزیر ہے۔”
اپنے اختتامی کلمات کے دوران پروگرام کے مہمان خصوصی ایڈوکیٹ یوسف مچھالا صاحب نے طلباء سے پرجوش انداز میں گفتگو کی اور قانونی پیشے کے مختلف پہلوؤں اور عدالت اور وکالت کے اخلاقی ضابطوں سے شرکاء کو روشناس کرایا انہوں نے کہا کہ”ہمیں خود کے مفادات سے اوپر اٹھ کر انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے اور بلاخوف و خطر نا انصافی اور ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کرنا چاہیے.”
انہوں نے طلباء کو نڈر بننے اور اپنے وقار کو برقرار رکھنے کی نصیحت کی۔

اختتامی خطاب میں رافد شہاب نے ملک میں بڑھتی نفرت اور ظلم پر تشویش کا اظہار کیا اور انصاف کے قیام اور نفرت کے خاتمے پر زور دیا۔ ایس آئی او جنوبی مہاراشٹر کے آرگنائزنگ سکریٹری عابدخان کے اظہار تشکر پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

آصف قریشی
(سیکرٹری برائے رابطہ عامہ، ایسں آئی او ساؤتھ مہاراشٹر)
+918087824661

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے