مُلک کی تعمیر و ترقی اور عروج کی خاطر ہمیں تمام شعبوں میں استحکام حاصل کرنے کی کوشش کرنی ازحد ضروری: سلمان احمد

  • اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے 40 سال مکمل ہونے پر ایس آئی او ممبئی نے گوونڈی مقام پر انجام دی عظیم الشان کانفرنس

اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے 40 سال مکمل ہونے پر پورے ملک میں "یکجھتی کا فروغ، انسانیت کی بقا: وہ صبح ہمیں سے آئے گی” عنوان کے تحت سرگرمیاں جاری ہیں۔ اسی نوع کو مدّ نظر رکھتے ہوئے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا ممبئی نے گوونڈی علاقے میں ایک عظیم الشان کانفرنس 27 ستمبر بروز اتوار بوقت 7:30 تا 10 نیاز نیشنل ڈگری کالج میں منعقد کیا۔اس کانفرنس میں 1500 سے زائد شرکا شامل رہے۔ کانفرنس سے پہلے مختلف اسکولوں میں تقریری، تحریری ، قرت ،نشید، ڈرائنگ وغیرہ کے مقابلے لیے گئے تھے ۔انعام یافتگان کو ٹرافی اور سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا۔
کانفرنس کا آغاز مولانا شرف الدین عظیم کی تذکیر بالقران سے ہوا۔پھر مفتی اشفاق قاسمی نے طلبہ کو پرعزم رہنے ، تعلیمی ارتقاء کی طرف گامزن ہونے پر توجہ مبذول کروائی ۔ بعد ازاں عبد القوی فلاحی نے اسلام کا "آئیڈیا آف ڈیویلپمنٹ” کے عنوان سے گفتگو کی جس میں اُنہوں نے اصحاب اور اسلاف کے عمل اور کارگزاری کے حوالے سے اپنی زندگیوں کو روشن بنانے کی طرف رہنمائی کی۔ خان سیماب ( مہم کنوینر) نے تمام طلبہ و طالبات اور شرکا کا خیر مقدم کیا،پھر کانفرنس کے اغراض ومقاصد اور اس کے ذریعے سے یکجہتی کا فروغ اور انسانیت کی تعمیر میں اپنے کلیدی رول کو ادا کرنے پر بات کی۔ سلمان خان (صدر حلقہ، ایس آئی او ساؤتھ مہاراشٹرا) نے طلبہ کو حوصلے کے ساتھ علمی میدان میں آگے بڑھنے، سماج کی تشکیلِ نو میں اہم رول ادا کرنے کی بات کی،مزید اُنہوں نے کہا کہ ہم سماج کے لئے نافع بن جائیں اور سماج کو دینے والے بن جائیں۔
ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی نے ایس آئی او کی تعریف و توصیف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منظّم اجتماعیت ہے جو سماج کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہتی ہے ۔اس نوعیت کی سرگرمیاں کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔اختتام پر سلمان احمد (صدرِ تنظیم، ایس آئی او آف انڈیا) نے تمام ہی شرکا کی حوصلہ افزائی کی اور اُن کا سماج کے تئیں اہم ترین ہونے پر گفتگو کی۔ مزید یہ کہا کہ ہمیں ہر ہر شعبے میں مستحکم ہونے کی ضرورت ہے۔مُلک میں انتہائی عزم اور حوصلے کے ساتھ رہیں اور ملک کی ترقی میں نمایاں کردار انجام دیں۔سماجی و تعلیمی میدان میں آگے بڑھ کر بہترین اور استحقاق کی حصولی ہمارا کوشش ہو، ہم سماج میں خیر کو اتنا عام کرتے جائیں کہ شر اور باطل کا پوری طریقے سے خاتمہ ہوجائے۔ کلیدی خطاب کے بعد سرگرمیوں میں امتیاز حاصل کرنے والے طلباء کو ٹرافی سے نوازا گیا۔اس موقع پر ایس آئی او کے نیشنل سیکریڑی ریحان، عبد الحسیب بھا ٹکر (ناظم شہر جماعت اسلامی ہند ممبئی)، ہمایوں شیخ، شاکر شیخ، ایس آئی او جنوب مہاراشٹر کے سیکریٹری سہیل شیخ، ایس آئی او ممبئی کے سیکریٹری سیف شیخ،ایس آئی او گوونڈی کے صدر کاشف شیخ، جماعت اسلامی ہند ممبئی کے مختلف علاقوں کے اُمراء مقامی اور دیگر شخصیت موجود رہیں۔شادان صدیقی (صدر ایس آئی او ممبئی) نے رسمِ شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے مکمل فرائض خلیق الرحمٰن نے انجام دیے۔ عبید الرحمٰن (امیرِ مقامی گوونڈی) کی دعا پر کانفرنس کا اختتام ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے