پری میرج کونسلنگ کے ذریعے باہمی مفاہمت بڑھتے طلاق کے تناسب کو ختم کرنے میں بڑا اہم رول ادا کرسکتا ہے: جماعت اسلامی ہند

  • ہمراہی میرج بیورو میچ میکنگ پروگرام اور پری میریٹل کاؤنسلنگ ورکشاپ

جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو کی جانب سے اتوار کے روز میرا روڈ کے اسٹرلنگ پلازہ ( شادی ہال) میں بوقت صبح 11 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان ایک اہم پروگرام منعقد کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز تذکیر بالقرآن ( سورہ النساء) سے رکن جماعت اقبال خان نے کیا۔ آپ نے فرمایا،
” انسانیت کے اعتبار سے تمام انسان برابر ہیں، چاہے وہ مرد ہوں یا عورت۔ اللہ نے مرد کو ایک درجہ زیادہ عطا کیا ہے۔ لیکن بحیثیتِ ماں عورت کا درجہ مرد سے تین گنا زیادہ ہے۔ زوجین اگر ایک دوسرے کی کمزوریوں کو نظرانداز کریں تو وہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فیض اٹھا سکتے ہیں۔ "

افتتاحی کلمات کے ذریعہ پروگرام کی غرض و غایت پیش کرتے ہوئے ریحانہ دیشمکھ نے کہا کہ ” والدین کے لئے سب سے اہم کام اپنے بیٹے اور بیٹیوں کے لئے موزوں رشتہ تلاش کرنا ہوتا ہے۔ اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے والدین کی نصرت اور سہولت کے لئے جماعت اسلامی ہند ممبئی کی جانب سے ہمراہی میرج بیورو کا قیام عمل میں آیا۔ "
آپ نے مزید یہ بھی کہا کہ ” وجوہات چاہے جو بھی رہی ہوں آج کے تناظر میں عورتوں پر گھریلو تشدد اور طلاق کے کیسز میں پچھلے دس سالوں کی بہ نسبت اضافہ ہوا ہے ، اس لئے شادی سے پہلے لڑکے اور لڑکیوں کی کاؤنسلنگ کی اشد ضرورت ہے اور مسلم سماج میں کاؤنسلنگ کا ایک مضبوط نظام جاری و ساری ہونا چاہیے۔ "

” کامیاب نکاح کیسے؟ ” اس موضوع پر پری میریٹل کاؤنسلنگ ورکشاپ کے لئے شیخ اظہر ( رکن جماعت میرا روڈ) کو مدعو کیا گیا تھا۔ آپ نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ” چاہے پری میریٹل کاؤنسلنگ ہو یا پوسٹ میریٹل کاؤنسلنگ ، دونوں کا پیمانہ صرف اور صرف تقویٰ ہو۔ شوہر و بیوی کے دل میں اگر اللہ کا خوف ہوگا تو سارے مسائل خود بخود حل ہو جاـٔیں گے۔”
آپ نے حاضرین سے سوال و جواب کرتے ہوئے غیر شرعی رسموں ( ہلدی، مہندی، لڑکی والوں کے گھر کھانا وغیرہ ، جہیز ) کی مخالفت ، ازدواجی زندگی اور سسرالی رشتوں سے متعلق سیر حاصل گفتگو کی۔

آخر میں گلستان مسجد کے امام سراج الحسن قاسمی نے اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا، "سب سے پہلے اپنی اولاد کو یہ سمجھائیں کہ نکاح ایک عظیم الشان عبادت ہے۔ جب نکاح کو عبادت کا درجہ دیا جائے گا تو وہ غیر ضروری چیزیں جو نکاح میں شامل ہو گئی ہیں وہ دور ہو جاـٔیں گی۔ انہیں نکاح کے فوائد بتاۓ جاـٔیں کہ نکاح کے ذریعے ایمان کی تکمیل ہوتی ہے، نکاح ہی کے ذریعے زندگی خوبصورت بنتی ہے۔ اپنے بچوں کو اسلامی طور طریقے سکھاـٔیں۔ دین اسلام انسانی زندگی کے لئے روح کی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر یہ روح نکل گئی تو ہمارا جسم کسی کام کا نہیں۔ "

اسکے بعد میچ میکنگ، انفرادی کاؤنسلنگ اور ماڈلز کے ذریعے اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کا سلسلہ شام 5 بجے تک جاری رہا۔

اس میچ میکنگ پروگرام میں 166 نئے لوگوں نے رجسٹر یشن کروایا۔ جس میں لڑکوں کے پروفائلز 49 ہیں۔
نظامت کے فرائض شیخ جواد نے بخوبی انجام دیۓ۔

جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر