ایس۔آئی۔او۔ کوئز مقابلے کے نتائج کا اعلان،بہترین کارکردگی والوں کو انعامات سے نوازا گیا

اعظم گڑھ،8 ستمبر (ابوشحمہ انصاری)ایس آئی او بلریا گنج یونٹ نے پروانچل میں اسلامی معلومات کا مقابلہ منعقد کیا۔جس میں4،500 سے زائد لڑکوں اور لڑکیوں نے شرکت کری اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔یہ مقابلہ 10 اضلاع میں منعقد ہوا،اور جیتنے والوں کو لیپ ٹاپ،موبائل اور نقدی انعامات سے نوازا گیا۔ انعامی تقریب اعظم گڑھ شہر دلال گھاٹ جامع مسجد میں بروز اتوار منعقد ہوئی۔اس پروگرام کے آرگنائزر عمار جاوید اور معاذ آزاد نے کہا کہ ہماری نئی نسل دین سے غافل اور دینی تعلیم سے بیزار ہوتی جا رہی ہے۔ اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے بسا اوقات بنیادی چیزوں کا علم بھی نہیں رکھتے اور آگے چل کر اپنی ملت کا ساتھ چھوڑ دیتے ہیں، اس لیے ان بچوں کو دین کی بنیادی باتیں کم عمر میں سمجھانا نہایت ضروری ہے تاکہ وہ دین پر عمل کر کے دنیا او رآخرت میں کامیاب ہو سکیں۔ والدین اور گھر والوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کو دنیا کے ساتھ ہی ساتھ دین کی تعلیم بھی دیں۔منعقدہ پروگرام میں مریضوں کو مفت خون مہیا کرانے والی تنظیم الفلاح فائونڈیشن کے بانی ذاکر حسین طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے پروگرام میں شرکت نہیں کر سکے۔انہوں طلباء کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایس آئی او کےفعال رکن حمزہ جاوید نے پروگرام کی کامیابی پر ایس آئی او آعظم گڑھ کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سپریم کورٹ کے وکیل ابو بکر سباق نے کامیاب طلباء کو مبارکباد پیش کی۔ ایس آئی او اپنے ہفتہ واری پروگراموں، مقابلوں اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے بچے کی دینی تربیت کے لیے کوشش کرتی رہتی ہے۔ آخر میں برادر سیف نعمانی نے مقابلہ میں شرکت کرنے والے بچوں، ان کے والدین اور اسکول والوں کو سراہا جنہوں نے اس کو کامیاب بنایا ہے۔ نواز پبلک اسکول، نوبل پبلک اسکول، اقرا پبلک اسکول، اسلامک مشن اسکول، ضیاء الدین میموریل، ہدی ملی، شبلی نرسری، الہدی پبلک اسکول، سر سید میموریل، جامعتہ الفلاح، جامعہ الطیبات، نسواں سکرور، درسگاہ اسلامی، جامعہ اصلاح البنات اور جمنا اسکول وغیرہ نے بہت اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔