آلودگی کو کم کرنے کے لئے اپنی ذمہ داری اور سنت سمجھ کر شجرکاری ضرور کریں: صادق قاسمی

پورنیہ: 11/اکتوبر (نامہ نگار)
جمعیۃ علماء ضلع پورنیہ کے معاون جنرل سیکریٹری مولانا صادق قاسمی دھرم باڑی پوسٹ حفنیہ بائسی ضلع پورنیہ نے بتایا کہ حال ہی میں دیوبند میں ہونے والے 2/روزہ اجلاس میں قائد محترم حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب کی طرف سے جمعیۃ علماء کی جانب سے پورے ملک میں ایک لاکھ پودے لگانے کی بات کہی گئی تھی۔انہوں نے شجرکاری کے تعلق سے کہا کہ کائنات کیلئے رحمت بن کر آنے والے آخری نبی حضرت محمدﷺ جن کے صدقے میں یہ دنیا بنی ہے نے ہمیں ہر لائن سے رہنمائی فرمائی ہے،پوری دنیا سال میں ایک دن کو خاص اہتمام کے ساتھ یوم ماحولیات کے نام سے منا رہی ہے۔لیکن ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے آج سے بہت پہلے ہی دنیا کو اس کی اہمیت سے واقف کراتے ہوئے کہا تھا کہ اگر قیامت بھی آنے والی ہو اور تمہارے ہاتھ میں پودا ہو تو تم اس کو ضرور لگا دو،اس کے علاوہ جنگ کے موقع پر آپؐ نے بہت سی ہدایات دی ہیں۔اس میں ایک بہت اہم ہدایت یہ بھی ہے کہ کسی ہرے درخت کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ماحولیات میں پائی جانے والی فضائی آلودگی موجودہ وقت میں انسانیت کیلئے بہت بڑا چیلنج اختیار کر چکی ہے۔جس کو کم کرنے میں درخت اور پودے بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں،اس لئے ہمیں چاہئے کہ آلودگی کو کم کرنے میں اپنے حصہ کی ذمہ داری کو اداکرتے ہوئے شجرکاری کریں،اس کے بارے میں لوگوں کو بیدار کریں اور جس دن ہمارا ملک یوم ماحولیات کے طور پر شجر کاری مہم چلائیں۔اس دن ہم میں سے ہر کوئی یہ طے کرے کہ ہم اپنے سماج کو،محلہ کو، شہر،صوبہ اور ملک کو ہر طرح کی آلودگی سے پاک و صاف کرنے میں اپنے حصہ کا کام بخوبی انجام دیں گے،اپنے ملک اور شہر سے محبت کا یہی تقاضہ بھی ہے اور اہم ضرورت بھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے