سندیلہ میں عظمت اولیاء کانفرنس کا انعقاد، حکیم اسد میاں نائب شہر قاضی منتخب

ہردوئی
حضرت خواجہ سید نظام الدین اولیاء محبوب الٰہی دہلوی رح کے 719 ویں عرس کے موقع پر شہر کے محلہ منگل بازار میں واقع خانقاہ ساغریہ نظامیہ میں عظمت اولیاء کانفرنس منعقد ہوئی۔ صدارت خانقاہ رضا کے سجادہ نشین نورالحسن شاہ چشتی صابری اور نظامت فرحان ساغری نے کی۔اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی قاضی شہر سندیلہ الحاج سید محمدعبداللہ عارف نے خطاب کیا انہوں نےکہا کہ خانقاہوں سے پیغام امن ومحبت کی صدائیں بلند ہوتی ہیں، اولیاء کرام محبوب بارگاہ صمد و مقتدایان انسانیت ہیں ۔ انہوں نے صدفیصد شریعت مصطفوی پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگیوں کو شریعت و سنت کے سانچے میں ڈھالا اور نوع انسانی کے لیے بہترین آئیڈیل و نمونہ بنا کر پیش کیا۔ خانقاہ مطلوبیہ کے نائب سجادہ نشین نور الحق صفوی چشتی نے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیم نے ہندوستان کے لوگوں پر ایک خاص اثر چھوڑا ہے ،جس کی وجہ سے ملک میں ہمیشہ امن و سکون کی فضا قائم رہی ہے، خانقاہ ساغریہ کے سجادہ نشین معیز الدین احمد چشتی نظامی نے کہا خانقاہیں اولیاء کرام کے علم وعمل کے فیض سے منور ہیں۔ یہاں ہر مذہب کے لوگوں کو فیض ملتا ہے، یہ خانقاہی فیض کا کمال ہے، فرید الدین احمدنے کہاکہ حقیقت میں اولیا وعلما دین مصطفیٰ کے وارث و امین ہیں اور اللہ پاک نے انہیں اپنا دوست کہا کیونکہ انہوں نے اپنے عمل سے اللہ اور اپنے حبیب کو راضی کیا ہے۔ اس موقع پر درگاہ میرا صاحب کےشفیع احمد صابری، اسرارالحق منا صابری، مسعود الحسن، انوارالحق نے بھی خطاب کیا علاوہ ازیں ڈاکٹر زبیر صدیقی، حافظ فرحان الحق، داور رضا، فرحت محمود، حافظ شاہ عالم واصل ہاشمی نے اپنا کلام پیش کیا۔عظمت اولیاء کانفرنس کے موقع پر شہر کے سبھی سجادہ نشین کی موجودگی میں قاضی سید عبداللہ عارف نے قصبہ چھوٹا چوراہا کے باشندے سید اظفار حسین اسد میاں کو نائب شہر قاضی مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ حاضرین نے نو منتخب نائب شہر کا گل پوشی سے استقبال کیا۔کانفرنس کا اختتام درود سلام پر ہوا۔اس موقع پر کافی تعداد میں لوگ موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے