دربھنگہ میں سہ روزہ خود انکشافی/خود شناسی ورکشاپ اختتام پذیر

دربھنگہ (پریس ریلیز): ڈاکٹر ذاکر حسین ٹیچرز ٹریننگ کالج بیتا دربھنگہ میں تین دن سے جاری سہ روزہ خود انکشافی/ شناسی ورکشاپ بہ حسن و خوبی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ سہ روزہ ورکشاپ اسلامی روحانی اصول و ضوابط پر مبنی تھا۔ عالمی شہرت یافتہ لائف کوچ، اطالیق سہولت کار، ڈاکٹر سعادت اللّٰہ خان، بنگلور کی زیر قیادت یہ سہ ورکشاپ، سوشل امپاورمنٹ ٹرسٹ دربھنگہ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا۔

اس سہ روزہ ورکشاپ میں کل 9 سیشن منعقد ہوئے جس سے شرکاء مستفید ہوئے۔ یہ ورکشاپ بلا تفریق جنس مذہب، قومیت ہر شخص بالخصوص نئے شادی شدہ جوڑے کے لیے تھا۔ اس ورکشاپ میں کالج اور اسکول کے طلبہ و طالبات نے بھی حصہ لیا۔ اس کے علاوہ ہر عمر کے خاص و عام نے بھی دلچسپی لی، جن میں ریٹائرڈ استاذ، پروفیسرز، عالم دین اور بزرگ خواتین و حضرات شامل ہیں۔

سہولت کار و ٹرینرز جناب سعادت اللّٰہ خان نے بتایا کہ یہ ورکشاپ زندگی کو یکسر بدل دینے والا اور نئی دنیا سے روشناس کرانے والا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ورکشاپ آپ کو اپنی پہچان کراتا ہے آپ کی چھپی ہوئی صلاحیت و قوت اور شخصیت کو نکھارتا ہے، اعتماد اور ہمت بڑھاتا ہے۔ غصہ پر کنٹرول کرنے کا مادہ پیدا کرتا ہے ڈر تناؤ اور دوسرے تمام نفی جذبوں سے چھٹکارا دلاتا ہے۔ اسپیکر موصوف نے بتایا کہ دربھنگہ کی مٹی نہایت ہی زرخیز ہے اور شرکاء نے نہایت ہی شاندار مظاہرہ کیاہے۔

وہیں شرکاء حضرات نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہ روزہ ورکشاپ بے شک ہمارے لیے مفید ثابت ہوا ہے، اس ورکشاپ سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے جسے ہم اپنی عملی زندگی میں اتاریں گے۔ شرکاء نے اس سہ روزہ ورکشاپ کے انعقاد کے لیے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دیرینہ خواہش ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کا ورکشاپ کا انعقاد ہونا چاہیے۔

تیسرے دن کے سیشن میں شرکاء نے گزشتہ کل دیے گئے گھر کا کام پورا کر کے لانے کے ساتھ ہی اسے پیش کیا اور ان تفویضات پر اظہار خیال کیا۔ 

ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں مہمان خصوصی اور مہمان اعزازی کے طور پر ڈاکٹر مزمل حسن آرزو، پروفیسر بدر عالم خان، ڈاکٹر محمد سلمان، ڈاکٹر مسعود خان، ڈاکٹر ابصار الحق، ڈاکٹر انبساط الحق وغیرہ نے شرکت کی اور سہولت کار جناب سعادت اللّٰہ خان صاحب کو گلدستہ پیش کر ان کا استقبال کیا۔  ان مہمانان گرامی نے ورکشاپ کے انعقاد کو مفید بتایا اور منتظمین و شرکاء دونوں کو مبارکباد پیش کی۔ اخیر میں شرکاء مجلس کو سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا اور مستقبل کے لیے دعاؤں سے نوازا گیا۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے