سِکھ سماج کی مذہبی و سیاسی قیادت نے کامن سول کوڈ کی مخالفت کا اعلان کر دیا

سِکھ مذہبی جماعت ”شِرومنی گردوارہ پرَبَندھَک کمیٹی“ اور سِکھ سیاسی جماعت ”شِرومنی اَکالی دَل“ نے کامن سوِل کوڈ کی سختی سے مخالفت کی ہے۔

”شِرومنی گردوارہ پرَبَندھَک کمیٹی“ کے سربراہ ہرجندر سنگھ دھامی نے جمعرات 29 جون کو کہا: ”خالصہ ایک آزاد شناخت ہے اور کوئی کوڈ خالصہ پر نافذ نہیں ہو سکتا۔ یہ ملک ریاستوں کی ایک یونین ہے جو مختلف کلچروں، زبانوں اور شناختوں پر مشتمل ہے۔اگر کامن سوِل کوڈ نافذ کِیا جاتا ہے تو ہمارا کلچر اور ہماری تہذیبی میراث ختم ہو جائے گی، اور بہت سے فرقوں کے جذبات مجروح ہوں گے۔ ہمیں ایک سوال نامہ سونپا گیا تھا جس کے جواب میں ہم نے اس کوڈ کے نفاذ کو مسترد کر دیا ہے۔“ (ٹائمز آف انڈیا)

اس سے دو دن قبل ”شِرومنی اَکالی دل“ کے ترجمان دَلجیت سنگھ چیمہ کے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا گیا تھا کہ:
”ہماری پارٹی نے ہمیشہ کامن سوِل کوڈ تیار کِیے جانے کی مخالفت کی ہے، اِس مسئلے پر اپنے اعتراضات ہم لا کمیشن کے سامنے اور پارلیمنٹ میں بھی رکھیں گے۔ ہماری پارٹی یہ مانتی ہے کہ اس ملک میں عائلی قوانین پر عقیدے، نظریے، جات پات اور رسم و رواج کا اثر رہا ہے، اور عائلی قوانین مختلف مذاہب کے لیے مختلف رہے ہیں۔ ہم یہ مانتے ہیں کہ سماجی تانے بانے کو محفوظ رکھنے اور اَنیکتا میں ایکتا کی پاسداری کے لیے ضروری ہے کہ ان مختلف عائلی قوانین کو برقرار رکھا جائے۔ 21 واں لا کمیشن بھی 2018 میں اسی نتیجے پر پہنچا تھا کہ کامن سوِل کوڈ نہ تو قابلِ عمل ہے اور نہ مطلوب ہے، لا کمیشن نے یہ تجویز خاصی محنت اور لوگوں سے مشورے لینے کے بعد پیش کی تھی۔“ (انڈین ایکسپریس)

واضح رہے کہ مذکورہ بالا مذہبی جماعت ”شِرومنی گردوارہ پربَندھک کمیٹی“ سِکھوں کے سب سے مرکزی مقام گولڈن ٹیمپل سمیت سینکڑوں گردواروں کا نظم و نسق سنبھالتی ہے اور سِکھوں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے۔ نیز مذکورہ بالا سیاسی جماعت ”شِرومنی اَکالی دل“ سِکھوں کی قدیم ترین سیاسی جماعت ہے، یہ جماعت بی جے پی کی سب سے پرانی اتحادی تھی مگر ستمبر 2020 میں زرعی قوانین کے خلاف اس نے بی جے پی سے اپنا قدیم اتحاد ختم کر لیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی خبر کی لنک

https://m.timesofindia.com/city/chandigarh/ucc-will-end-our-culture-heritage-unique-identity-of-minorities-sgpc/articleshow/101379621.cms

انڈین ایکسپریس کی خبر کی لنک

https://indianexpress.com/article/cities/chandigarh/uniform-civil-code-ucc-shiromani-akhali-dal-daljit-singh-cheema-tribals-8691618/

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے