ایک بڑا حادثہ؛ مولانا غفران ندوی کا انتقال

گڈا/جھارکھنڈ
جامعہ حفصہ للبنات قصبہ مہگاواں ضلع گڈا جھارکھنڈ ،جو میری نگرانی میں چل رہا ہے ،وہاں کے جواں سال استاد اور شعبئہ تعمیر و ترقی کے نگراں بہت ہی صالح ،بااخلاق محنتی اور جفاکش مولانا غفران ندوی کا آج مورخہ 2/ اگست بروز بوقت نماز فجر معمولی علالت کے بعد انتقال ہوگیا ۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
مرحوم دار العلوم ندوة العلماء لکھنؤ کے فارغ التحصیل تھے ،ابتدائی اور ثانوی تعلیم جامعہ ابو الحسن اسوتا گڈا جھارکھنڈ اور جامعہ پھلت مظفر نگر میں ہوئی تھی ۔ مرحوم اپنے چھ بھائیوں میں سب سے بڑے تھے اور چار بھائی دار العلوم ندوة العلماء سے فارغ التحصیل ہیں ایک بھائی کنڈہ مدرسہ میں عالیہ ثانیہ میں زیر تعلیم ہیں اور چھوٹا بھائی نیٹ کی تیاری کررہا ہے ۔۔یہ حادثہ مرحوم کے تمام اہل خانہ کے لئے خصوصا والدین دادی ،اہلیہ۔بچے اور تمام بردارن وہمشیرہ کے لئے اور خود میرے لئے ایک بہت بڑا حادثہ ہے ۔۔ مرحوم سے تقریبا روزانہ بات ہوتی تھی اور جامعہ کے لئے جو بھی رقم میرے پاس آتی، ان کے ہی اکاؤنٹ پر بھیجتا تھا ۔۔ مرحوم نے مدرسہ کی تعمیر میں ایک مزدور کی طرح محنت کی اور ہمیشہ اجرت کے بجائے اجر پر نظر رہی ۔ کبھی ان کو مکمل تنخواہ نہیں ملی ۔۔ میں اس وقت اپنی کیفیت بتا نہیں سکتا ،یہ صدمہ میرے لئے کتنا عظیم صدمہ ہے ۔ دل کو دل سے راہ ہوتی ہے ،رات دو بجے نیند کھل گئی عجیب بے چینی رہی ،فجر کی نماز سے فارغ ہوکر عبد الولی الارکانی کی تلاوت سورہ المائدہ سن رہا تھا کہ اچانک مرحوم کے دوسرے بھائی مولانا زعفران حسن ندوی ناظم جامعہ حفصہ للبنات قصبہ مہگاواں کا فون آیا کے میرے بڑے بھائی کا ابھی فجر سے پہلے گیس پھنسنے کی وجہ سے انتقال ہوگیا ۔ خبر سن کر سامنے اندھیرا چھا گیا ۔۔ دل دھک سا ہوگیا ۔۔ میں اپنے تمام قارئین سے درخواست کرتا ہوں کہ مرحوم کے لئے خصوصی دعا مغفرت فرمائیں اور ان کے تمام اہل خانہ و اہل تعلق کے لئے صبر جمیل کی دعا کریں اور اس کی دعا کریں کہ مرحوم کے بچوں کی اللہ تعالیٰ غیب سے کفالت فرمائے آمین
نیز جامعہ حفصہ للبنات قصبہ مہگاواں کو ان کا بدل اللہ تعالیٰ نصیب فرمائے آمین
مرحوم کے چار چھوٹے چھوٹے معصوم بچے ہیں۔
مرحوم غفران کی خوبیاں اس قدر ہیں کہ بیان نہیں کرسکتا ۔ پیٹ کی تکلیف سے مرحوم کا انتقال ہوا ہے ، اللہ کی ذات سے قوی امید ہے کہ ان کو شہادت کی موت نصیب ہوگی ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب ہو اور تمام متعلقین و پسماندگان کو صبر جمیل ملے آمین

آسماں ان کی لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزیہ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے

محمد قمر الزماں ندوی
مدرسہ نور الاسلام کنڈہ پرتاپگڑھ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے