شہر پرولیا کے مدرسہ امینیہ میں سہ روزہ تدریب المعلمین کیمپ برائے صحت قرآن کریم سات نشستوں پر مشتمل بحسن و خوبی اختتام پذیر

پرولیا/مغربی بنگال: 8 اگست

رابطہ مدارس اسلامیہ مغربی بنگال کے زیر نگرانی سہ روزہ تدریب المعلمین برائے صحت قرآن کریم مدرسہ امینیہ چونا بھٹی پرولیا میں منعقد ہوئی ،پہلی نشست کا آغاز رابطہ کے نظام الاوقات کے مطابق بعد نماز مغرب تقریباً 7 بجے حضرت مولانا مفتی قاضی فخرالدین قاسمی صاحب قاضی امارت شرعیہ پرولیا کی صدارت میں ہوا ، حضرت مولانا قاری مفتی عبدالرشید قاسمی اور حضرت مولانا قاری مفتی عبدالرحیم صاحبان کی تلاوت قرآن پاک نے مجلس میں روحانی سماں باندھ دیا، بعدہٗ مدرسہ امینیہ کے ایک طالب علم ابو سفیان سلمہ نے نعت رسول کے چند اشعار سے سامعین کو محظوظ کیا، اناؤنسری کرتے ہوئے مولانا محمد ہاشم القاسمی ضلعی ذمہ دار رابطہ مدارس نے تدریب المعلمین کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی اور رابطہ کی جانب سے آنے والے معزز مربیین قراء کرام کا تعارف کرایا،حضرت مولانا قاری مفتی عبدالرشید صاحب نے تجوید کی اہمیت اور ضرورت کے موضوع پر نہایت بلیغ انداز میں قرآن و سنت کی روشنی میں ضلع بھر سے آنے والے علماء کرام کے سامنے نہایت سادہ اور سہل انداز میں باتیں رکھی ،ان کے بعد پہلی نشست کے صدرِ محترم، دعا سے پہلے رابطہ کی جانب سے آنے والے معزز قراء حضرات کو اھلا و سھلا کہا اور ضلع بھر سے آنے والے معلمین اور منتظمین حضرات کو اس کیمپ میں زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی ترغیب دی اور انہی کی دعا پر تقریباً 8:30 بجے مجلس اختتام پذیر ہوئی، اس مجلس میں 48 علماء، حفاظ نے شرکت فرمائی.
مورخہ 9 اگست 2023 سہ روزہ تدریب المعلمین کیمپ برائے صحت قرآن کریم کی دوسری نشست بعد نماز فجر حضرت مولانا اعجاز قاسمی صاحب صدر مدرس مدرسہ امینیہ پرولیا کی صدارت میں منعقد ہوئی، حضرت مولانا قاری مفتی عبد الرحیم صاحب نے تلاوت قرآن کریم فرمائی، ان کے بعد حضرت مولانا قاری مفتی عبدالرشید قاسمی صاحب نے پہلے شرکاء علماء کرام کی بڑی خوبصورتی کے ساتھ ذہن سازی فرمائی اس کے بعد باضابطہ اساتذۂ کرام کے قرآن کریم سننے سنانے کا عملی مشق عمل میں آیا، حضرت مولانا اعجاز صاحب قاسمی صاحب کی دعا پر نشست اختتام کو پہنچی. تیسری نشست نو بجے حضرت مولانا شمیم احمد قاسمی خطیب مسجد گل عزیز پرولیا کی صدارت میں منعقد ہوئی، نشست کا آغاز حضرت مولانا قاری مفتی عبد الرحیم صاحب نے تلاوت قرآن پاک سے فرمایا اس کے بعد حروف تہجی کے مخارج و صفات کے فرق سمجھائے اور حروف کی عملی مشق کرائی. قاری مفتی عبدالرشید قاسمی صاحب نے باضابطہ بلیک بورڈ پر لکھ لکھ کر ضلع پرولیا کے مختلف مدارس سے آنے والے معلمین کو روشناس کرایا جسے بہت پسند کیا گیا . ساڑھے گیارہ بجے مولانا شمیم احمد قاسمی صاحب کی دعا پر مجلس اختتام پزیر ہوئی.
چوتھی نشست بعد نماز ظہرحضرت مولانا افاض اللہ قاسمی صاحب صدر جمیعۃ علماء ضلع پرولیا کی صدارت میں منعقد ہوئی، جناب قاری مفتی عبد الرحیم صاحب کی تلاوت قرآن پاک سے مجلس کا آغاز ہوا نظام الاوقات کے مطابق نورانی قاعدہ کے طریقہ تعلیم کے بعد درجہ حفظ کے طریقہ تعلیم پر سیر حاصل فرمائی جو ہمارے لئے بہت کارآمد ثابت ہونگی انشاء اللہ، تقریباً پانچ بجے حضرت مولانا افاض اللہ قاسمی صاحب کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا.پانچویں نشست بعد نماز مغرب مولانا مفتی مطیع الرحمن صاحب ناظم رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ مغربی بنگال و شیخ الحدیث دارالعلوم پنڈوا ہگلی کی صدارت میں منعقد ہوئی، حضرت مولانا قاری مفتی عبد الرحیم صاحب کی تلاوت قرآن کریم سے مجلس کا آغاز ہوا اس کے بعد رابطہ کے نظام الاوقات کے مطابق "طریقہ تعلیم مع مشق مشکل الحروف برائے اساتذہ حفظ” کے عنوان پر حضرت مولانا قاری مفتی عبد الرشید قاسمی صاحب نے باضابطہ بلیک بورڈ پر ایک ایک حرف کی صفات اور اس کی مختلف نکات قراءِ قرآن کریم کے حوالے کے ساتھ نہایت مدلل انداز میں روشنی ڈالتے ہوئے بڑی باریک بینی سے شرکاء کیمپ کے سامنے پیش فرمائی. ان کے بعد حضرت مولانا مفتی مطیع الرحمن صاحب سے دعا کی درخواست کی گئی محترم موصوف نے پروگرام میں موجود حضرت مولانا افاض اللہ قاسمی صاحب سے دعا کے لیے فرمایا اور انہوں نے دعا فرمائی اس طرح الحمدللہ پانچویں نشست اختتام پزیر ہوئی. چھٹی نشست بعد نماز فجر حضرت مولانا مفتی مطیع الرحمن صاحب ناظم رابطہ مدارس اسلامیہ مغربی بنگال کی صدارت میں منعقد ہوئی. حضرت مولانا قاری مفتی عبد الرحیم صاحب نے تلاوت قرآن کریم فرمائی اور رابطہ کے نظام الاوقات کے مطابق مختلف سورتوں کی مشق کرائی گئی نیز مختلف قواعد کو سات طریقوں پر اجراء کراۓ گئے ، جس میں حروف قمری و حروف شمسی میں الف لاف تعریف کی مکمل بحث کو بلیک بورڈ کے ذریعے روسناش کرایا گیا اور قرآن کریم کے بعض مشکل الادا کلمات کی نہایت آسانی سے وضاحت اور عملی مشق بھی کرائی ، نیز ہمزہ قطعی اور ہمزہ وصلی جو قرآن کریم کے متعدد آیات میں استعمال ہوئے ہیں ،ان الفاظِ قرآنی کو مثالوں کے ذریعے کیسے ادا کیا جائے بڑے سہل انداز میں حاضرین کو آشنا کیۓ. حضرت مولانا جمال اسعدی مظاہری بانی و مہتمم مدرسہ اسعدیہ جمال القرآن پرولیا کے مہتمم صاحب کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا
ساتوں اور آخری نشست ساڑھے نو بجے صبح حضرت مولانا مفتی مطیع الرحمن صاحب ناظم رابطہ مدارس اسلامیہ مغربی بنگال کی صدارت میں منعقد ہوئی. نشست کا آغاز مفتی قاری محمد عبد الرشید صاحب کی تلاوت سے ہوا بعد ازاں محترم موصوف نے گزشتہ چھہ نشستوں کا خلاصہ اور ان کے مقاصد کو نہایت اختصار کے ساتھ پیش فرمایا انہوں نے کہا کہ فن تجوید کو مزید آسان بنانے اور اس کی افادیت کو عام کرنے کے لئے ہ م کوشش کریں گے کہ آئندہ بلیک بورڈ کی جگہ پروجیکٹر کا استعمال کریں انشاءاللہ.
ضلع پرولیا کے چند علماء کرام نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اس تربیتی پروگرام کو وقت کی اہم ضرورت سے تعبیر فرمایا جس کے لئے رابطہ مدارس اسلامیہ کے سربراہان اور آنے والے مدربین حضرات کو خراج تحسین پیش کیا، نیز اس طرح کا پروگرام ضلع کے متعدد جگہوں پر انعقاد کرانے کی خواہش ظاہر کی تاکہ پورے بنگال میں خدمت قرآن کے اندر نئی جان پیدا کرنے میں مدد ہوسکے ، بالخصوص مکتب اور درجہ حفظ کے اساتذہ کو اپنی تعلیمی کارنامہ انجام دینے میں بڑی مدد حاصل ہوگی۔
آخر میں سہ روزہ تربیتی کیمپ کے نگراں و نشست کے صدر نشین محترم حضرت مولانا مفتی مطیع الرحمن صاحب فن تجوید اور اس تدریب کی اہمیت پر بڑی شرح و بسط کے ساتھ گفتگو فرمائی ، اور انہیں کی دعا پر یہ سہ روزہ تدریب المعلمین کا پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے