حاجی پور 05۔ ستمبر (نمائندہ)
جنداہا بلاک کے مرادآباد چوک پر واقع سٹی ٹاپ پبلک اسکول کے احاطے میں آج یوم اساتذہ پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں کی طرف سے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا۔ جس کی صدارت اسکول کے پرنسپل ابوبکر صدیقی نے کی۔ جبکہ نظامت اسکول کے چہارم جماعت کی طالبہ شفا ممتاز نے بہت بہترین طریقہ سے کیا۔ یوم اساتذہ کے پرمسرت موقع پر پرنسپل ابوبکر صدیقی نے سٹی ٹاپ پبلک اسکول کے تمام طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بچے آج اپنے اساتذہ کی سختی کو برداشت نہیں کر پاتے وہ زندگی بھر زمانے کی سختیاں برداشت کرنے پر مجبور رہینگے۔کیونکہ ہم اساتذہ بادشاہ نہیں ہوتے ہیں لیکن اپنے شاگردوں کو اپنی قابلیت سےبادشاہ ضرور بناتے ہیں۔ اس لیے آپ تمام طلبہ کامیابی کے لیے کوشاں رہیں۔ کامیابی ایک دن آپ کے قدموں میں ضرور ہوگی۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ محمد صابر حسین، مسٹر رام کمار، مسٹر ونے کمار، محترمہ صابرین پروین اور محترمہ فاطمہ صدیقہ وغیرہ نے بھی اساتذہ اور شاگرد کے موضوع پر بچوں سے جامع خطاب کیا۔ اور تمام بچوں کو یوم اساتذہ کی دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آخر میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے پرنسپل ابوبکر صدیقی نے اپنے ہاتھوں سے تمام بچوں کو کیک کاٹ کر کھلایا۔ جس پر تمام بچوں نے اُنہیں شکریہ ادا کیا، خاص طور پر پائل کماری، ہمانشو کمار، آدتیہ کمار، ساحل کمار، نندنی کماری، سواتی کماری، کسو کمار، محمد تہزیب، محمد کوثر، محمد آرزو اور امیر خسرو وغیرہ نے سبھی اساتذہ کو خاص تحفہ پیش کرکے نیک دعائیں لی ہے۔