نسل نو کے ایمان کے تحفظ کے لئے سب کو فکر مند ہونے کی ضرورت ہے: مولانا عبدالجبار قاسمی
ہردوئی (یاسر قاسمی)
مدرسہ فتح العلوم ملاواں کی مسجد عائشہ صدیقہ میں جمیعت کی مقامی شاخ کے تحت دینی تعلیمی بیداری مہم کے ضمن میں ایک اصلاحی پروگرام منعقد ہوا۔
بعدنمازمغرب منعقدہ اصلاحی نشست میں جمعیت علماء کے ضلعی صدر مولانا عبدالجبار قاسمی نے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا موجودہ گمراہ کن حالات کے تناظر میں نونہالان ملت اسلامیہ کو عصری تعلیم سے قبل دین کی بنیادی تعلیم سے آشنا کرانا انتہائی ناگزیر ہے، صحیح اسلامی عقائد کی پختگی کے بعد وہ دنیا کے کسی بھی شعبے میں چلے جائیں گمراہ نہیں ہو گے، آج مسلم بچے بچیاں فتنۂ ارتداد کے شکار ہورہے ہیں والدین کے ساتھ کسی نہ کسی حد تک اس کے سبھی ذمہ دار ہیں۔ نسل نو کے ایمان کے تحفظ کیلئے سب کو فکر مند ہونے ضروت ہے ، ورنہ عدالت الٰہیہ میں جواب دہی مشکل ہوگی، فرائض نظامت انجام دیتے ہوئے مقامی صدر مفتی وقار الدین قاسمی نے تعلیم کی اہمیت ، اس کے طریقہ کار اور اصلاح معاشرہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی، نشست کا آغاز حافظ محمد عاکف کی تلاوت کلام اللہ اور حافظ فخر الدین کے نعتیہ اشعار سے ہوا، اس موقع پر مقامی منتظمہ کے سبھی اراکین سمیت علماء وحفاظ ، ائمۂ مساجد اور قصبے کے سرکردہ افراد موجود رہے۔