سرسلہ: 24/ڈسمبر ( خصوصی نمائندہ ہماری آواز نیوز، مفتی ابورفیدہ مظاہری)
تلنگانہ میں اومی کرون کیس میں اضافہ کے باعث عوام میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے۔
ضلع راجنا سرسلہ مصطفی آباد منڈل کے گوڑم میں حال ہی میں دبئی سے آنے والے ایک شخص کے اومی کرون سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی، اس کے بعد اس کی والدہ اور بہن کی رپورٹ بھی مثبت ہونے کی اطلاع پر موضع گوڑم میں رضا کارانہ طور پر 10 دن کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ گاؤں والوں نے فیصلہ کیا کہ 10 دنوں تک نہ ہی گاؤں کا کوئی شخص باہر جائے گا اور نہ ہی کوئی باہر سے گاؤں میں آئے گا، واضح رہے کہ 20 ڈسمبر کو سرسلہ ضلع میں اومی کرون کا کیس درج ہوا تھا۔ مقامی شخص جو 15 دسمبر کو دبئی سے حیدرآباد پہنچا اور اسی دن اس کا کورونا ٹیسٹ کروایا، اور وہ اپنے آبائی مقام پہونچ گیا تھا، اس کے بعد اس کی کورونا رپورٹ مثبت پائی گئی جس پر اسے فوری حیدرآباد طلب کرتے ہوئے اس کا جینوم ٹیسٹ کروایا گیا، جس میں اس کے ادمی کرون سے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا، ڈاکٹر سنجیوریڈی میڈیکل آفیسر، پوتھگل پرائمری ہیلتھ سنٹر نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ یہ شخص اومی کرون پازیٹو پایا گیا،
اس کے بعد میڈیکل عملہ کو الرٹ کر دیا گیا، طبی عملے نے گاؤں والوں کو آگاہ کیا اور اس شخص سے ملاقات کرنے سبھی کا پتہ چلا کر ان کے بھی ٹیسٹ کئے جارہے تھے۔