ممبئی19؍اپریل
مضافات ممبئی کی مسلم اکثریت والی آبادی گونڈی میں جمعیۃ علماء (ارشد مدنی) کی جانب سےغریب ،بے سہارا ،معذور،بیوائوں اور مسکینوں میں تین مرحلوں میں تقریباً پانچ سو پچاس راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی ۔
جمعیۃعلماء حلقہ گونڈی کے دفتر واقع شیواجی نگر گونڈی،ممبئی سے ضرورت مند خاندانوں میں راشن کٹس تقسیم کی گئی۔
اس موقع پرمولانا محسن علی خان (صدر جمعیۃعلماء حلقہ گونڈی )نے کہاکہ خدمت خلق اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔انہوں نےیہ بھی کہاکہ جمعیۃ علماء بلا امتیاز مذہب وملت ملک میں بسنے والی ہر قوم کی بھلائی وخیر خواہی، مسائل میں رہنمائی اور مصائب میں دستگیری کو اپنا فریضہ سمجھتی ہے۔ اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جمعیۃعلماء حلقہ گونڈی کے ذمہ داران نے بھی خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے بے سہارا ضرورت مندوں کو گاہے گاہے اشیاء خوردنی (راشن کٹس)تقسیم کرنے کا اہتمام کرتےہیں۔
مولاناصدر عالم قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء حلقہ گونڈی )نےکہا کہ ہم اپنے اکابر وذمہ داران بالخصوص جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃعلماء ہند ، اور ریاستی ذمہ داران مولانا مستقیم احسن اعظمی،مولانا حلیم اللہ قاسمی وغیرہ کی نگرانی اور رہنمائی میں حتی الوسع مخلوق خدا کی خدمت کرتے ہیں ،اسی جذبہ کے تحت یومیہ میڈیکل خدمت فراہم کی جاتی ہے،نیزجمعیۃ کے مقامی ذمہ داروں کے ذریعے علاقے میں سروے کراکے ضرورتمندوں کی فہرست مرتب کی گئی ہے،اور ہم مستحقین کو وقت ضرورت ضروری سامان مہیا کراتے ہیں۔
مولانا قاسمی نے یہ بھی کہا کہ رمضان المبارک کےموقع پرہم نےان نشان زد گھرانوں میں سے پانچ سو پچاس خاندانوں کو راشن کٹس اوردیگر درکاراشیاء مہیا کرایا ہے۔راشن کٹس میں (چاول۱۰؍کلو گرام،آٹا ۵؍کلو گرام،دال ۲؍کلو گرام،شکر ۲؍کلو گرام،میٹھا تیل ۱؍لیٹر،کھجور ۱؍کلو گرام،نمک ۱؍کلو گرام،مصالحہ جات ہلدی ،دھنیا،مرچی وغیرہ،چائے پتی ۱۰۰؍گرام،سوئیں ۱؍پیکٹ) تھے،ایک کٹ کی قیمت تیرہ سو پچاس روپئے ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جمعیۃ علماء کی جانب سےتین مرحلےمیں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔پہلے مرحلہ میں 180؍راشن کٹس اور دوسرے مرحلہ میں270؍راشن کٹس تقسیم کی گئی ہیں ۔اور تیسرے مرحلے میں 100؍راشن کٹس بطور امداد دی گئی ۔
اس موقع پر مولانا محمد اسید قاسمی (جنر ل سکریٹری زون)مفتی محمد احمد(خازن)،یوسف پٹیل(نائب صدر)حاجی نعیم (جوائنٹ سکریٹری)تنویر بھائی(نائب صدر)حافظ شمس الحق(نائب صدر)،مولانا مستقیم (امام مسجد باب رحمت)مولانا ثناء اللہ (مہتمم جامعہ مرقات العلوم) مولانا اشرف علی نعمانی (مہتمم مدرسہ اشرفیہ غیاث العلوم)حافظ عصمت اللہ (امام مدنی مسجد)مولانااشفاق(امام مسجد عائشہ) کے علاوہ دیگر ذمہ دارن بھی موجود تھے۔