تلنگانہ: شمس آباد میں ایک اور مسجد کی شہادت انتہائی افسوسناک

حکومت مسلم دوستی کے تمام دعوؤں کے باوجود مساجد کے شہادت کے بدبختانہ عمل میں ملوث۔
جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کا مذمتی بیان

مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش نے شمس آباد کے علاقہ میں واقع مسجد کی شہادت پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے تمام مسلم دوستی کے دعوؤں کے باوجود مساجد کو مسمار کرنے کی مجرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسی مسجد جہاں گذشتہ دیڑھ سال سے عبادت کا اہتمام کیا جارہا تھا، نمازیں پڑھی جارہی تھیں، قرآن مجید کی تدریس و تلاوت ہورہی تھی۔ ایسی آباد مسجد کو شہید کرنا انتہائی تکلیف دہ اور بد بختانہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ اور پولیس کی ملی بھگت کے ساتھ رات کی تاریکی کے اندر اس مسجد کو مجرمانہ طور پر شہید کیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹال مٹول کا رویہ چھوڑکر اسی جگہ پر اللہ کے گھر اور مسجد کی تعمیر کا فی الفور اہتمام کرے۔