عقیدہ ختم نبوتؐ اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے، اسکی حفاظت ہر ایک مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے!

  • مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام پندرہ روزہ ”تحفظ ختم نبوتؐ کانفرنس“، برداران اسلام سے شرکت کی اپیل!

بنگلور، 17؍ اکتوبر (پریس ریلیز): ختم نبوتؐ کا عقیدہ اسلام کا وہ بنیادی اور اہم عقیدہ ہے، جس پر پورے دین کا انحصار ہے۔ اگر یہ عقیدہ محفوظ ہے تو پورا دین محفوظ ہے اگر یہ عقیدہ محفوظ نہیں تو دین محفوظ نہیں۔ قرآن مجیدمیں ایک سو سے زائد آیات اور ذخیرہ احادیث میں دوسو سے زائد احادیث نبوی سے یہ مسئلہ ثابت ہیکہ حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بلا کسی تاویل اور تخصیص کے خاتم النبیین ہیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ تمام مسلمانوں کا یہ متفق علیہ عقیدہ ہے کہ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ اللہ تعالیٰ کے سب سے آخری نبی اور رسول ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ ؐکو اس جہاں میں بھیج کر بعثت انبیاء کا سلسلہ ختم فرما دیا ہے۔ اب آپ ؐ کے بعد کوئی نبی مبعوث نہیں ہوگا۔ لہٰذا اب اگر کوئی شخص نبی کریمﷺ کے بعد نبوت یا رسالت کا دعویٰ کرے (خواہ کسی معنی میں ہو) وہ کافر، کاذب، مرتد اور خارج از اسلام ہے۔ نیز جو شخص اس کے کفر و ارتداد میں شک کرے یا اسے مومن، مجتہد یا مجدد وغیرہ مانے وہ بھی کافر و مرتد ہے۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ عقیدہ ختم نبوت امت مسلمہ کا وہ اجتماعی عقیدہ ہے، جس پر شروع سے لے کر آج تک کسی کا اختلاف نہیں اور دیگر فتنوں کی طرح ایک شیطانی فتنہ انکار ختم نبوت بھی وقتاً فوقتاً سر اٹھاتا رہا ہے۔ آپؐ کے دور میں ہی مسیلمہ کذّاب نے دعویٰ نبوت کر دیا تھا۔ جس کی سرکوبی اور ختم نبوتؐ کی حفاظت کے لیے حضرات صحابہ کرامؓ نے لازوال قربانیوں کی ایسی داستان رقم کی جو اب تاریخ حق کے انمول باب کے طور پر دیکھی جاتی ہے۔ یہاں تک کہ انیسویں صدی کی ابتداء میں فتنہ قادیانیت اور آج کل فتنہ شکیلیت، فتنہ گوہرشاہیت وغیرہ بدنما صورت میں نمودار ہوا اور بھولے بھالے لوگوں کو اپنی جال میں پھنسا کر گمراہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ تحفظ ختم نبوتؐ ایک بڑا حساس مسئلہ ہے، اس موضوع پر کام کرنا اور اس کی حفاظت کرنا ہر ایک کا ایمانی فریضہ اور امت مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نیز عقیدۂ ختم نبوتؐ کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری، اس کے ایمان کا تقاضہ اور آخرت میں شفاعت رسول ﷺ کا بہترین ذریعہ ہے۔ محمد فرقان نے کہا کہ ملک میں جھوٹے مدعیان نبوت اور منکرین ختم نبوت کے بڑھتے فتنوں کے پیش نظر عقیدہئ ختم نبوتؐ کی حفاظت، اسکی اہمیت و فضیلت کو امت مسلمہ تک پہنچانے کیلئے مرکز تحفظ اسلام ہند بتاریخ 18؍ اکتوبر 2022ء بروز منگل سے پندرہ روزہ آن لائن ”تحفظ ختم نبوتؐ کانفرنس“ منعقد کرنے جارہی ہے۔ جو روزانہ رات 09؍ بجے مرکز کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ جس سے ملک کے مختلف اکابر علماء کرام بالخصوص سرپرستاں مرکز تحفظ اسلام ہند خطاب فرمائیں گے۔ محمد فرقان نے تمام برادران اسلام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم اور عظیم الشان ”تحفظ ختم نبوتؐ کانفرنس“ میں شرکت فرماکر اکابرین کے خطابات سے مستفید ہوں اور ختم نبوتؐ کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں، نیز اسکے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی کوشش کریں کیونکہ بحیثیت مسلمان ہر ایک مسلمان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے ہم ہر طریقہ سے جھوٹے مدعیان نبوت و منکرین ختم نبوت کے فتنوں کا تعاقب کریں، اور اس فتنہ کے تعاقب، سد باب اور سرکوبی کے لئے ہر ممکنہ کوشش کرتے ہوئے ختم نبوتؐ کی حفاظت کریں۔

Press_Release #News #Letter_Head #khatmenabuwat #ProphetMuhammad #FinalityOfProphethood #LastMessenger #MTIH #TIMS

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے