عورت گھر اور خاندان کی بنیادی اکائی ہے۔ خاندان کا قیام انسانی فطرت کے عین مطابق ہے۔ جب تک خاندان کا یونٹ اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مضبوط اور متحرک ہے، انسانی زندگی بھی پُرسکون اور مطمئن ہے۔ لیکن اگر اس کے برعکس ہے تو انسانی زندگی بھی پُرامن نہیں۔
عورت تو تہذیبوں کا ستون اور نسلوں کی امین ہے۔ آج ہمارے معاشرے کو دین و اقدار کی حامل ایک ایسی تعلیم یافتہ عورت کی ضرورت ہے جو اپنے خاندان و سماج کو گمراہی کی سمت لے جانے کے بجائے مثبت اور سیدھے راستے پر چلا سکے۔ وہ راستہ جس کی رہنمائی دین کرتا ہے۔
مثالی شوہر کی خواہش ہر عورت کو ہوتی ہے۔اس دنیا میں کوئی بھی کامل نہیں ہے لیکن جب ہم محبت میں پڑ جاتے ہیں تو اپنے پارٹنر کو ہی مثالی پارٹنر مانتے ہیں اسی میں خوبصورتی، سچائی اور محبت کی مورت ڈھونتے ہیں ۔
مثالی شوہر کیا ہو سکتا ہے؟
ہر لڑکی کا ایک خواب ہوتا ہے کہ اس کی زندگی میں شامل ہونے والا شخص مکمل ہو ، مثالی شوہر ثابت ہو یعنی خوبصورت ہو، مالی طور پر مستحکم ہو اس کے ساتھ ساتھ محبت کرنے والا ، خیال رکھنے والا، اچھا دوست، عاشق ، مشکلات میں ساتھ دینے والا ہو۔ غرض اس کے ساتھ اس عورت کو اپنی تکمیل کا احساس ہو۔
مثالی شوہر کی خصوصیات
مختلف مطالعات اور مشاہدات کی مدد سے یہا ں مثالی شوہر کے لئے چند خصوصیات مرتب کی گئی ہیں اگر یہ خصوصیت آپ کے شوہر میں موجود ہیں تو کوئی شک نہیں کہ آپ کا انتخاب بہترین ہے۔
مشکل وقت کا ساتھی
آپ کا جیون ساتھی ایک بہترین انسان ہونے کے ساتھ ایک سچا انسان ہے جو اپنے کئے وعدے کے مطابق مشکل حالات میں بھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑتا ہے بلکہ آپ کو مشکل حالات میں دلاسا دینے کے ساتھ ساتھ اس مسئلے کے حل میں بھی آپ کی مدد کرتا ہے
ہر کام میں آپ کی مدد کرتا ہے
آپ کا شوہر صرف آپ کا لائف پارٹنر نہیں بلکہ ورک پارٹنر بھی ہے یعنی جو گھر کے کاموں میں بھی آپ کی مدد کرتا ہو۔ جو اس احساس سے عاری نہ ہو کہ یہ کام صرف آپ کے لئے نہیں ہیں بلکہ برابری کی بنیاد پر آپ کا ساتھ دیتا ہو، جو آپ کو یہ احساس دلائے کہ ایسا صرف فلموں میں نہیں بلکہ حقیقت میں بھی ہوتا ہے۔ ۔گھر کی صاف صفائی سے لیکر کھانا پکانے، برتن دھونے یہاں تک کہ بچوں کی نگہداشت میں بھی آپ کی مدد کرتا ہو۔
مثال
اس کی بہترین مثال ہمیں ہمارے پیارے نبی حضرت محمدؐ کی حیات طیبہ سے ملتی ہے آپؐ بھی گھر کے کاموں میں اپنی شریک حیات کی مدد کیا کرتے تھے۔
وہ زندگی کے ہر موڑ پر آپ کا ساتھ دے
میاں بیوی گاڑی کے دو پہیئے ہوتے ہیں جو ایک دوسرے کے ساتھ کے بنا نہیں چل سکتے ۔ ایک مثالی شوہر کی ایک خصوصیت یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ زندگی کے ہر موڑ پر اپنی بیوی کا ساتھ دیتا ہے چاہے اس نے کائی غلطی ہی کیوں نہ کی ہو وہ بڑے پیار اور اطمینان کے ساتھ اس غلطی کی اصلاح کرتا ہے اور اپنی بیوی کی غلطی کو سدھارتا ہے اس کے علاوہ ایک مضبوط ڈھال کی طرح اپنی بیوی کا دفاع کرتا ہے۔
پسند نا پسند کا خیال رکھتا ہے
شادی عمر بھر کا سودا ہے اور اسے خوشی خوشی گرارنے لے لئے ضروری ہے کہ میاں بیوی ایک دوسرے کی پسند نہ پسند سے بخوبی واقف ہوں۔دیکھا جاتا ہے کہ بیوی تو شوہر کی پسند نہ پسند پر توجہ دیتی ہے لیکن شوہر کی جانب سے اس معاملے میں اکثر کوتاہی برتی جاتی ہے ایک مثالی شوہر اپنی بیوی کی پسند کا ہمیشہ خیال رکھتا ہے۔اس کے پسندیدہ ہوٹل، کھانے ، پرفیوم سے لیکر پسندیدہ مقام تک ہر چیز کو یاد رکھتا ہے۔
وہ عقلمند ہے
یہ جاننا بے حد ضروری ہے کہ آپ کا شوہر پڑھے لکھے ہونے کے ساتھ عقلمند بھی ہے اور غیر متوقع حالات سے نکلنے اور انیہں حل کرنے کی قابلیت رکھتا ہو ایک مثالی شوہر گھر میں پیش آنے والے واقعات یعنی ساس بہو کے معاملات،بھابی نند کے جھگڑے کیسے حل کرتا ہے جس میں کسی کی دل آزاری بھی نہ ہو اور تعلق بھی خراب نہ ہو۔ وہ گھر کے ماحول کو مستحکم رکھنے کی قابلیت رکھتا ہو۔
آپ کی خوشی کا خیال رکھے
ایک مثالی شوہر کی سب سے اہم خصوصیت یہ کہ وہ آپ کی خوشی کا خیال رکھنا جانتا ہو اسے معلوم ہو کہ آپ کو کیسے خوش رکھنا ہے ،کس بات سے آپ کو خوشی ملتی ہے؟ آپ کی سالگرہ کا دن ، شادی کی سالگرہ کا دن کیسے سلیلبریٹ کرنا ہے آپ کو سرپرائز دینا ہے یا آپ کا موڈ کیسے اچھا کرنا ہے۔اگر آپ اداس ہیں تو آپ کے چہرے پر کیسے مسکراہٹ لانی ہے یہ سب جانتا ہو۔
مسائل کو گفت وشنید سے حل کرنا جانتا ہو۔
ایک مثالی شوہر کی ایک خصوصیت یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف اچھا شوہر ثابت ہو بلکہ اچھا پڑوسی یا رشتہ دار بھی ہو ۔ وہ بات بات پر لڑنے مرنے کو تیار نہ ہوجاتا ہو بلکہ اطمینان سے بات چیت کے ذریعے معاملات کا حل نکالنے والا ہو۔ ایسے ہی آپ کی بات سننے والا ہونہ کہ کسی ڈکٹیٹر کی طرح آپ پر حکم چلانے والا یا جھگڑنے والا۔اگر کبھی کسی بات پر آپ دونوں میں اختلافات ہو بھی جائیں تو انہیں بات چیت کے ذریعے حل کرے نہ کہ چیخیے چلائے اور معاملات کو بگاڑے۔
گھر کے باہر بھی آپ کو یاد رکھے
یہ مردوں کی فظرت ثانیہ ہے کہ گھر سے نکلتے ہی گھر اور گھر والوں کو بھلا کر اپنے کاموں میں مصروف ہو جاتے ہیں لیکن اگر آپ کا شوہر پیار کرنے والا ہے تو وہ گھر سے باہر بھی آپ کو اور آپ کے مسائل کو نہیں بھولے گا۔ جیسے آپ کی طبیعت ناساز ہے یا آپ کسی پریشانی کا شکار ہیں تو اسے باہر بھی آپ ہی کی فکر لاحق ہوگی اور وہ جلد از جلد آپ کے پاس پہنچنے کی کوشش کریگا۔
آپ کی رائے کو اہمیت دے
میاں بیوی کا رشتہ برابری کی بنیاد پر قائم ہونا چاہئےاور شوہر کی نظر میں بیوی کی رائے کی بھی اہمیت ہونی چاہئے۔ ایک مثالی شوہر اس اہمیت کو جانتا ہے اور گھر کے معاملات اور فیصلوں سے لیکر زندگی کے ہر معاملے میں اپنی بیوی کی رائے کو بھی اہمیت دیتا ہے ایسا کرنے سے وہ بیوی کا غلام نہیں بن جاتا بلکہ وہ باہمی اتفاق و محبت کے ساتھ زندگی گرارنے کا حامی ہوتا ہے۔
وہ آپ کی ذاتی زندگی کو اہم سمجھتا ہو
ایک مثالی شوہر آپ کی زندگی کی اہمیت کو بھی جانتا ہو ۔ اسے اس بات کا احساس ہو کہ آپ یس کے گھر کی نوکرانی نہیں ہیں جو گھر کے کاموں کے لئے لائی گئی ہے بلکہ وہ اس بات کو اہمیت دے کہ آپ کیا چاہتی ہیں اگر آپ اپنی ذات کے لئے کچھ کرنا چاہتی ہیں جیسے جاب، پڑھائی یا سوشل ورک وغیرہ تو وہ اس معاملے میں آپ کا بھرپور ساتھ دینے والا ہے
تجزیہ
ظاہر ہے ایک مثالی شوہر کے لئے ہر کسی کا اپنا خیال ہو گا لیکن اگر آپ کا جیون ساتھی آپ سے محبت کرتا ہے، آپ کی خواہشات کا احترام کرتا ہے، آپ کو زندگی کے ہر معاملے میں اہمیت دیتا ہے تو اس میں کوئی دورائے نہیں ہوکہ آپ ایک مثالی انسان کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں یا گزارنے والے ہیں۔
تحریر : فرزین جواد