ازقلم: محمد رضی الاسلام ندوی
آج کل مسلمانوں کی تہذیب و ثقافت کے مختلف مظاہر پر حملے ہو رہے ہیں تو دینی مدارس بھی ان کی زد میں ہیں – ان کے بارے میں طرح طرح کی باتیں کہی جارہی ہیں – ان میں سے ایک یہ کہ ان کا نصاب فرسودہ ہے ، وہ زمانے کا ساتھ دینے کے قابل نہیں ہے – عرصہ پہلے جب اس کا نصاب تیار کیا گیا تھا اس وقت اس کی افادیت رہی ہو ، لیکن اب وہ موجودہ زمانے کی ضروریات کی تکمیل نہیں کرتا – مدراس کے نصاب کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت بہت پہلے محسوس کی تھی – بعض دانش وروں اور ماہرینِ تعلیم نے اس کے لیے تحریک چلائی – گزشتہ نصف صدی سے اس پر کانفرنسیں ، سمینار ، مجالسِ مذاکرہ اور ورک شاپس منعقد ہورہے ہیں – نصاب کے ماڈلس بنائے گئے ہیں – بعض تعلیمی ادارے بھی نئے جامع نصاب کے دعوے کے ساتھ قائم کیے گئے ہیں ، لیکن سچی بات یہ ہے کہ اس میدان میں اب تک مطلوبہ کام یابی نہیں مل سکی ہیں – قدیم اور تاریخی مدارس طرزِ کہن پر اڑے ہوئے ہیں اور وہ قدیم نصاب میں خاطر خواہ تبدیلی لانے پر تیار نہیں ہیں – مولانا اشہد رفیق ندوی سکریٹری ادارۂ تحقیق و تصنیف اسلامی علی گڑھ کو دینی مدراس کے نظام و نصاب سے دل چسپی رہی ہے – انھوں نے اس کے مطالعہ و جائزہ کو ایک مشن کی طرح لیا اور اس کے لیے اپنی تحریری صلاحیتیں وقف کیں – اس موضوع پر منعقد ہونے والے سمیناروں میں شرکت کی اور اپنا حاصلِ مطالعہ و جائزہ پیش کیا – زیرِ نظر کتاب انہی سیمیناروں میں پیش کیے گئے مقالات پر مشتمل ہے – یہ کتاب تیرہ (13) مقالات پر مشتمل ہے – قدیم ترین مقالہ 2002 کا تحریر کردہ ہے ، جب کہ زمانی اعتبار سے آخری مقالہ 2012 میں لکھا گیا تھا – اس میں مدراس کے نصاب میں قرآن ، اصولِ تفسیر و علوم قرآن ، حدیث ، فقہ اور دعوتِ دین کی تدریس کا جائزہ لیا گیا ہے – موجودہ دور میں مدارس کی اہمیت ، اس کے نصاب میں عصری تقاضوں سے تبدیلی کی ضرورت ، تکثیری معاشرہ کے تقاضے کی تکمیل ، مدارس کا نظام تربیت اور موجودہ حالات میں مدارس کے تحفظّ اور ارتقا کی تدابیر جیسے موضوعات بھی زیر بحث آئے ہیں – جائزہ میں عموماً ملک کے بڑے مدارس مثلاً دار العلوم دیوبند ، دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ ، مدرسۃ الاصلاح سرائے میر ، جامعۃ الفلاح بلریا گنج اعظم گڑھ ، جامعہ سلفیہ بنارس اور جامعہ اشرفیہ مبارک پور کو شامل کیا گیا ہے – نصاب کے تجزیہ کے ساتھ اس کی بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں – دینی مدراس پر بہت سی کتابیں لکھی گئی ہیں ، لیکن ان میں ان کے نصاب کا عموماً تقابلی مطالعہ نہیں کیا گیا ہے – اس اعتبار سے یہ کتاب انفرادیت رکھتی ہے – امید ہے ، دینی مدارس کے نظام و نصاب سے دل چسپی رکھنے والوں کے درمیان اسے بھرپور مقبولیت حاصل ہوگی –
نام کتاب : دینی مدارس کا نظام و نصاب : ایک تجزیاتی مطالعہ
مصنف : اشہد رفیق ندوی
صفحات : 182 ، قیمت : 150 روپے
ناشر : مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی
رابطہ نمبر (واٹس ایپ)
+91-7290092403
یہ کتاب ادارۂ تحقیق و تصنیف اسلامی علی گڑھ کے مکتبے سے بھی منگوائی جاسکتی ہے –
رابطہ نمبر (واٹس ایپ)
+91- 9027445919