پورنیہ-8/دسمبر (نامہ نگار) جمعیۃ علماء ہند ضلع پورنیہ کے معاون جنرل سیکریٹری مولانا صادق قاسمی دھرم باڑی پوسٹ سرسی بلاک بیسا ضلع پورنیہ نے کہا کہ ہمارے ملک ہندوستان میں ملت اسلامیہ کی سب سے فعال و متحرک تنظیم جمعیۃ علماء ہند اپنی تابناک ماضی کے تقریباً ایک سو پانچ سال مکمل کر چکی ہے۔جمعیت علماء ہند کی ملی اور قومی خدمات پر روشنی ڈالنا آفتاب کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔اس تنظیم ابتدائے آفرینش سے اب تک ملت اسلامیہ ہند کی زندگی کے تمام شعبوں میں جو خدمات انجام دی ہے وہ مسلمانانِ ہند کی تاریخ کا لازوال اور تابناک باب ہے،یہی سبب ہے کہ جدید ہندوستان کی تاریخ کے تقریباً تمام مؤرخین نے سنہرے حروف میں اس تنظیم کا ذکر کیا ہے۔واضح رہے کہ جمعیت علماء ہند مسلمانانِ ہند کی ایسی واحد جماعت ہے جس کے سپہ سالار انگریزوں کے خلاف سب سے پہلے اٹھ کھڑے ہوئے ملک کے طول وعرض میں انگریزی سامراج کے رائے عامہ کو بیدار کیا،اس بانیانِ کا ملک کی آزادی سے قبل اور آزادی کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں ناقابل فراموش کردار رہا ہے تحریک آزادی میں ان حریت پسند علماء کا اتنا اہم رول رہا ہے کہ اگر یہ انگریزوں کی غلامی کے خلاف نہ لڑتے تو ہمیں آزادی کا سورج شاید نصیب نہ ہوتا۔اور آج کے ناموافق اور پرفتن دور میں اگر کہا جائے تو بےجا نہ ہوگا کہ مسلمانوں کے لئے وطن عزیز ہندوستان میں جمعیت علماء ہند کا وجود اس برگد کے تناور درخت کا سا ہے جو تپتی ہوئی دھوپ میں بلا لحاظ مذہب وملت سب کو سایہ فراہم کرتا ہے۔
١٩/ نومبر ١٩١٩ کو ایسے وقت میں جمعیۃ علماء ہند کی داغ بیل ڈالی گئی جب انگریزی استبداد اپنے آخری حدوں کو چھو رہا تھا۔اس استبدادی قوت اور جبر و تشدد کے وقت کے بڑے بڑے دانشوروں کی ہمت جواب دے چکی تھی، اس پرآشوب دور میں بانیانِ جمعیۃ اور اس کے اکابرین نے مکمل آزادی کا نعرہ دیا تھا۔ مختصر یہ کہ جمعیۃ علماء ہمیشہ سے ہندوستانی مسلمانوں کے تمام ملی،سماجی اور قومی مسائل پر گہری نگاہ رکھتی ہے۔بالخصوص اس وقت بی جے پی اور آر یس یس کے نت نئے فتنے اور مسائل سے دوچار امت مسلمہ کے بڑے بڑے مسائل جیسے وقف ترمیمی بل،بلڈوزر کارروائی،مساجد پر ناجائز دعویٰ اور قبضہ کرنا اسی طرح این آر سی اور سی اے اے جیسے خطرناک قانون نافذ کرنا اور آئے دن ہمارے آقاء جناب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس پر حملے کرنا وغیرہ اسی سلسلے کی ایک کڑی جمعیۃ علماء کشن گنج کے بینر تلے 8/دسمبر بروز اتوار لہرا چوک کشن گنج کے وسیع وعریض میدان میں تاریخی اجلاس عام منعقد ہوگا۔جس میں جمعیت علماء ہند کے قومی صدر و ازہر ہند دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی دامت برکاتہم العالیہ سمیت ملک کی کئی اہم شخصیات کا پرمغز اور جامع خطاب ہوگا۔لہذا تمام مسلمان بالخصوص سیمانچل کے تمام مسلمان خواہ کسی بھی مسلک و مکتب فکر سے تعلق رکھتے ہوں اس دن اپنے آپ کو فارغ کرکے لاکھوں کی تعداد ضرور بالضرور لہرا چوک کشن گنج پہونچیں۔