کہنہ مشق قاری،ماہرفن استاذ قاری عبد الصمد صاحب کاانتقال

چنئی: 25 فروری، ہماری آواز(ساجد حسین ندوی)
کہنہ مشق قاری،تجربہ کار استاذِ حفظ اور اپنے فن اور تجربے سے ہزاروں افراد کو حفظِ قرآن کی دولت سے مالا مال کرنے والے خادم قرآن،استاذ الاساتذہ، شہرکانپور کی قدیم اور مرکزی درسگاہ مدرسہ جامع العلوم پٹکاپور، کانپور کے سابق استاذِ حفظ حضرت قاری عبدالصمد صاحب فرقانی ؒکا بتاریخ 23 اکتوبر 2022 بروز بدھ کو تقریبا دوپہر 1بجکر 40 منٹ میں حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے دارِ فانی سے دارِ بقا کی طرف کوچ کرگئے۔ اناللہ وانا الیہ راجعون۔
گذشتہ ہفتہ مرحوم کو اچانک برین اسٹوک ہوگیا تھاجس کے بعد ان کو فوری طور پرتمل ناڈو گورنمنٹ سوپر اسپیشلٹی، ماونٹ روڈ چینئی میں داخل کیا گیا جہاں ماہرڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج ہوا اور طبیعت بحال ہونے لگی، ایک دو دن میں ڈاکٹر نے ڈسچارج کرنے کو کہا تھا لیکن 23/ فروری کو تقریبا دو پہرساڑھے بجے طبیعت بگڑنے لگی، ڈاکٹروں نے آخری حد تک کوشش کی،لیکن وقت موعود آچکا تھا۔اللہ کے فیصلے کے سامنے انسانی طاقت بے بس ہوگئی اور 1/ بجکر 40منٹ پر قاری صاحب کی روح دارِ فانی سے دارِ بقا کی طرف کوچ کرگئی۔ 24فروری کو 1:45بجے قائد ملت جمعہ مسجد چینئی میں قاری صاحب کے منجھلے فرزند قاری محمد اسجد صاحب نے جنازے کی نماز پڑھائی جس میں کثیر تعداد میں لوگو ں نے شرکت کی اور سوگواروں کی موجودگی میں امیرالنساء قبرستان رائے پیٹھہ میں سپرد خاک کیا گیا۔
قاری صاحب مرحوم کی پیدائش بہار کے ضلع مونگیر کے ایک گاؤں محلہ حاجی سبحان میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم پنج ویر نامی ایک گاؤں میں حاصل کی، اس کے بعد جامعہ محمودیہ،گوگری ضلع کھگڑیا،بہار میں قرآن کریم کا دور مکمل کرنے کے بعد لکھنو کی مشہور درسگاہ مدرسہ تجوید الفرقان میں قرأت کی تعلیم مکمل کی۔ قرأت کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد تدریسی خدمات کے لیے آپ کا تقرر شہر کانپور کی قدیم درسگاہ مدرسہ جامع العلوم،پٹکاپور،کانپور میں ہوا،جہاں آپ نے تقریبا 24/ سالوں تک بحیثیت استاذ حفظ خدمات انجام دی اور لاکھوں کی تعداد میں حفاظ تیار کئے۔ کچھ ناگزیر حالات کی وجہ سے آپ نے مدرسہ جامع العلوم سے استعفی دے دیا اس کے بعد دارالعلوم آگرہ، مدھیہ پردیش اور مدرسہ اشاعت العلوم کانپور میں صدر شعبہ حفظ کے طور پر کام کرتے رہے۔ اسی دوران قاری صاحب کی رفیق حیات کا انتقال ہوگیا اس کے بعد قاری صاحب کافی ٹوٹ گئے اور تدریسی خدمات چھوڑ کر شہر مدراس میں اپنے لڑکوں کے ساتھ رہنے لگے۔لیکن تدریس ان کی طبیعت میں رچی بسی تھی، اس لیے فارغ رہنا ان کے لیے مشکل لگنے لگا۔بہر کیف وہ شہر مدراس سے سیدھا اپنے گاؤں آگئے اور پنج ویر مدرسہ جہاں سے آپ نے ابتدائی تعلیم اور حفظ مکمل کیا تھا وہیں درس وتدریس میں لگ گئے۔ آخری عمر تک اسی ادارہ سے منسلک رہ کر قرآن کی خدمت کرتے رہے۔
قاری صاحب کے انتقال پر ہزاروں علماء،حفاظ، قراء اور شاگردوں نے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے رفع درجات اور مغفرت کے لیے دعائیں کی۔
پسماندگان میں قاری صاحب کے چار لڑکے اور ایک لڑکی ہے، الحمدللہ چاروں لڑکے حافظ و قاری ہیں اور شہرمدراس میں دینی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ہم اللہ سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرماکر درجات کو بلند فرمائے اوراپنے نیک بندوں میں شامل فرمائے۔ پسماندگان اور شاگردوں کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین، ثم آمین۔
اللھم اغفرلہ وارحمہ واعف عنہ وادخلہ الجنۃ بغیر حساب