سمستی پور کالج ہندستان کی آزادی کے ٹھیک اٹھارہ دن بعد سمستی پور کی عوام کے ذریعہ اسکول کی صورت میں قائم کیا گیا ۔یہاں کے اساتذہ کی تنخواہ بھی عوام کے ذریعہ ایک ایک روپیہ اکٹھا کر کے دی جاتی تھی،ان سب کا مقصد سمستی پور کے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانا تھا،دھیرے دھیرے اس اسکول نے کالج کی صورت اختیار کی اور آج اس کالج کا شمار بہار کی مشہور ومعروف یونیورسٹی،، متھلا یونیورسٹی کا اہم کالج ہے، اوریہ بہار کے بہترین کالجز میں صف اول کی حیثیت رکھتا ہے۔
21جولائی 2022 کو یہ جشن کالج کے ہال میں منعقد کیا گیا جس میں اس کالج کے سابق اساتذہ کے ساتھ ساتھ تمام اسٹاف کو بھی مدعو گیا اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کالج پرنسپل ڈاکٹر ستین کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا۔اس کے بعد تمام اساتذہ نے اپنے کالج کے دنوں کے تجربات،یادیں، تاثرات اور اس کالج سے جڑی تاریخ کو یاد کیا۔اس کالج کی تاریخی اہمیت پر اور کالج کے ۵۷ ویں سال مکمل ہونے کی خوشی میں ڈاکٹر صالحہ صدیقی (اسسٹنٹ پروفیسر،شعبہ ء اردو)نے منظوم تاثر پیش کیا،چند اشعار ملاحظہ فرمائیں:
ہے سمستی پور کالج علم کی جوئے رواں
جو پچتھر سال سے ہے نازش ہندوستاں
سب کے ہے ورد زباں اس کا پچھتر سالہ جشن
جس کے ہیں مداح یکساں مرد وزن،پیر و جواں
ہیں پرنسپل اس کے عالمگیر ہر اک دل عزیز
علم کی نشر و اشاعت کے ہیں جو روح رواں
آج اس کالج کی اپنی اک نرالی شان ہے
نام میتھلا یونیورسٹی کا اس سے روشن ہے یہاں
صالحہ کی ہے دعا روشن رہے کالج سمستی پور کا
جاری ہو اس سے علم و فن کا بحر بیکراں
اس موقع پر سکچھک سنگھ سمستی پور کالج ایسوسیشن کے صدر ڈاکٹر آلوک کمار پا ٹھک نے کہا کہ میں ہمیشہ تعلیم کے حق میں کالج کا ساتھ دیتا رہوں گا اور اس کی ترقّی و فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا رہوں گا۔ صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سیتن کمار نے کالج میں آئے نئے اساتذہ کا خیر مقدم کیا،کالج کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کالج میں ان کے ذریعہ آئی نئی تبدیلیوں پر بھر پور روشنی ڈالی اور نئے اقدام کی تفصیلات بتاتے ہوئے طلباء و طالبات سے مطالبہ کیا کہ وہ کالج میں کلاس کرنے ضرور آئیں۔آخر میں کو ڈاکٹر کرانتی کمار (شعبہ اکنامکس) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں اس کالج کے روشن مستقبل کی دعا کرتا ہوں ساتھ ہی یہ امید بھی کہ اس کالج کی تابناک تاریخ کو دوبارہ ہم سب مل کر رقم کر نے کی بھرپور کوشش کریں گے۔اُنہوں نے آخر میں اظہار تشکر کیا اور اسی کے ساتھ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔اس پروگرام میں ڈاکٹر صفوان (صدر شعبہ اردو)کے ساتھ کالج کے تمام اساتذہ نے شرکت کیں۔