صرف راجہ سنگھ نہیں بلکہ اس ویڈیو کے تمام معاونین کو گرفتار کیا جائے!

  • ہمارا ملک مذہبی رواداری کے بغیر نہیں چل سکتا: جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کا بیان

مولانا مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش نے اپنے پریس ریلیز میں کہا کہ صرف راجہ سنگھ کی گرفتاری کافی نہیں ہے بلکہ اس ویڈیو میں سنی جانے والی آوازیں اور ویڈیو کو ریکارڈ کرنے والے افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں بھی گرفتار کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کا جو واقعہ پیش آیا ہے‘ یہ معمولی واقعہ نہیں ہے بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے سوا سو کروڑ مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس شخص نے اپنے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ وہ ایک شو کی بنیاد پر اس قسم کی حرکت کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ فرضی اور بیہودہ کا بہانہ ہے۔ ایک آدمی کی وجہ سے وہ سوا سو کروڑ مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرے۔ انھوں نے کہا کہ انہوں نے اس واقعہ کے سلسلہ میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب سے بھی گفتگو کی اور پورے واقعہ کی تفصیل حضرت کو سنائی گئی۔ حضرت نے بہت ہی رنج اور گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے صدر محترم حضرت مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی نے کہا کہ اگر نپور شرما کو دہلی سے گرفتار کیا جاتا تو اس قسم کا واقعہ ملک میں رونما نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی خاموشی ارو ایسے افراد کے خلاف اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے اس قسم کا ایک اور واقعہ حیدرآباد میں رونما ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جن پچاس بچوں کو اپنے دستوری حق کے مطابق صرف احتجاج کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے انہیں بھی بغیر کسی مقدمہ کے فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش اس سلسلہ میں اپنے اراکین اور ذمہ داروں سے مشاورت کے بعد احتجاج کا لائحہ عمل طئے کرے گی۔ انہوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے فی الفور گرفتاری کے دانشمندانہ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ صرف یہ گرفتاری کافی نہیں ہے بلکہ جو دفعات اس پر لگائے گئے ہیں اس کے مطابق اسے سزا دی جانی چاہئے اور اس کے ساتھ ساتھ اس کے معاونین کوبھی گرفتار اور قید کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مسلمانوں سے صبروتحمل کے ساتھ رہنے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ درحقیقت مقامی بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کی یہ حرکت مسلمانوں کو مشتعل اور برگشتہ کرنے کیلئے ہے۔