این سی پی کے اسٹار کمپینرز کی فہرست میں ۳؍ ناموں کا اضافہ

سدھارتھ کامبلے ،سلیم سارنگ کے ساتھ چیتن سنی مانکر اسٹار پرچارک فہرست میں شامل

  • این سی پی نے سلیم سارنگ کو اسٹار کمپینر کی حیثیت سے جگہ دی

ممبئی : (پریس ریلیز) این سی پی (اجیت پوار) نے تین نئے اسٹار پرچارک کی فہرست جاری کرتے ہوئے معروف این سی پی لیڈر سلیم سارنگ کو اسٹار کمپینر مقرر کرتے ہوئے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر اہم ذمہ داری سونپی ہے۔ 29؍ اکتوبر 2024،نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیف قومی ترجمان برج موہن سریواستو نے پریس کو جاری کردہ ایک بیان میں این سی پی کے مہاراشٹر کے اسٹار کمپینرز کی فہرست میں مزید تین اہم لیڈروں کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فہرست میں کوآپریٹو لیڈر اور ممبئی کوآپریٹو بینک کے ڈائریکٹر شری سدھارتھ کامبلے اور مہاراشڑکی سیاست میں اپنی مضبوط گرفت اوراقلیتی برادری میں اپنااثر و رسوخ رکھنے والے معروف لیڈر سلیم سارنگ کے ساتھ اسٹوڈنٹ لیڈر اور نیشنلسٹ اسٹوڈنٹس کانگریس کے قومی صدر جناب چیتن سنی مانکر کے نام اس فہرست میں شامل ہیں۔ اسٹار کمپینرز کی فہرست میں نئے ناموں کی شمولیت اس امر کی غماز ہے کہ این سی پی ریاست میں اپنی انتخابی مہم پورے زور سے جاری رکھے گی اور ہر طبقے تک پہنچنے کی کوشش کرے گی۔ سریواستو نے مزید کہا کہ مذکورہ نام این سی پی مہاراشٹر کے ریاستی صدر اور ایم پی مسٹر سنیل تٹکرے نے قومی صدر اجیت دادا پوار اور قومی ورکنگ صدر مسٹر پرفل پٹیل کو تجویز کردہ تھے، اب یہ نام سرکاری منظوری کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھیجے جائیں گے۔ واضح رہے کہ مذکورہ ناموں کے بعد اب مہاراشٹر میں این سی پی کے اسٹار کمپینرز کی فہرست میں 36 لیڈر موجود رہیں گے جو مہاراشٹر کی 288 سیٹوں پر این سی پی اور مہایوتی امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے۔
این سی پی نے خاص طور پر مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر اقلیتی طبقے تک رسائی کیلئے سلیم سارنگ کو بطور اسٹار کمپینر منتخب کیا ہے۔ سلیم سارنگ مہاراشٹر کی سیاست میں کافی عرصے سے سرگرمِ عمل ہیں اور اقلیتی طبقے کے مسائل پر کھل کر آواز بلند کرتے آئےہیں۔ مسلم ریزرویشن کا معاملہ ہو یا اقلیتی طبقے کے تحفظ کا معاملہ سلیم سارنگ ہر معاملے میں اقلیتی طبقے کی بے باک نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔ سلیم سارنگ نے ریاست کے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے مسلم ریزرویشن کی نہ صرف حمایت کی بلکہ ہر پلیٹ فارم پر اس مدعے کو اٹھایا۔اردو زبان کو ریاست میں اس کا حق دلانے کیلئے بھی سلیم سارنگ پیش پیش رہے گذشتہ دنوں حکومت مہاراشٹر کے جانب سے اردو اسکولوں کیلئے 58 اردو اساتذہ کی تقرری کا معاملہ سامنے آیا ان آسامیوں پر اردو اساتذہ کی بجائے 54 مراٹھی اساتذہ کا تقرر عمل میں لایاگیا تھا اور صرف چار ہی اردو اساتذہ کا تقرر کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں سلیم سارنگ نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے حکومت مہاراشٹر میں وزیر برائے تعلیم دیپک کیسرکر کی توجہ اس جانب مبذول کروائی اور سرکاری پویتر پورٹل کی خامی کو اجاگر کیا۔ سلیم سارنگ کی بروقت مداخلت سے 54 مراٹھی اساتذہ کی تقرری رد ہوئی اردو اساتذہ کی دوبارہ تقرری عمل میں آئی۔ گذشتہ دنوں ممبئی کے مضافاتی علاقے میرا روڑ میں رونما ہونے والے فرقہ وارانہ تصادم میں سلیم سارنگ کی مثبت کوششوں سے علاقے میں کشیدگی کو کم کرنے میں اہم رول اداکیا۔ انہوں نے نائب وزیراعلیٰ اجیت دادا پوار کی مدد سے بے گناہوں کے خلاف درج ایف آئی آر کو رد کروایا اور اصل خاطیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا پرزور مطالبہ کیا۔
نئی اور نوجوان مسلم لیڈرشپ کو پروان چڑھانے میں بھی سلیم سارنگ کی کوششیں قابل تحسین ہیں ۔گذشتہ دنوں انہوں نے ممبئی کے پانچ ستارہ ہوٹل میں ایک مسلم کانکلیو کا انعقاد کیا اس میں مختلف مسلک اور مکاتبِ فکر کے علماء اور دانشوروں نے شرکت کی اور مسلم مسائل اور مسلم لیڈرشپ پر بامقصد گفتگو کی۔
رام گیری مہاراج کے ذریعے شانِ رسالت میں گستاخی کا معاملہ ہو یا نتیش رانے کی مسلم سماج کے خلاف بدزبانی و زہر افشانی کا معاملہ سلیم سارنگ نے سخت موقف اختیار کیااور پولیس و انتظامیہ سے ان کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا۔ مسلم سماج میں سلیم سارنگ کےاثرو رسوخ اور نمائندگی کو دیکھتے ہوئے گذشتہ دنوں حکومت مہاراشٹر نے انہیں مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی ترقیاتی کارپوریشن کا ڈائریکٹر نامزد بھی کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے