حاجی پور: ہماری آواز(قمر اعظم صدیقی) نئے امیر شریعت کا انتخاب امارت شرعیہ کے منشور کے مطابق اتفاق رائے سے ہو اور پٹنہ میں واقع امارت کے مرکزی دفتر میں ہو، اس کے لئے پانچ ارکان پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل دی گئی ہے- ان میں مولانا محمد عالم قاسمی( پٹنہ) مفتی آصف انظار (سیتامڑھی) اور جناب تنویر عالم (شیوہر) نے آج شمالی بہار کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا اور امارت شرعیہ کے مختلف ارکان مجلس شوریٰ سے ملاقات کرکے مذکورہ فیصلے پر اپنی رضامندی دینے اور کمیٹی کو اپنا تعاون دینے کی اپیل کی- تقریباً تمام اضلاع کے ارکان مجلس شوریٰ نے تعاون دینے کا وعدہ کیا ہے- تمام ارکان شوریٰ اس بات سے متفق ہیں کہ نئے امیر شریعت کا انتخاب امارت شرعیہ کے دستور کے مطابق ہو اور امارت کے مرکزی دفتر میں ہی ہو- ان لوگوں کے حاجی پور آمد پر باشندگان ویشالی نے اس اہم فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اس مطالبے کی حمایت کی ہے کہ امارت کے امیر کا انتخاب ہر حالت میں امارت کے دستور کے مطابق ہو۔