ہردوئی: بھارتی کسان یونین بھانو کے ریاستی سیکریٹری قاری عبدالمعید چودھری نے دارالعلوم ندوۃ العلماء کے ممتاز فاضل، جمعیۃ علماء ضلع ہمیر پور کے صدر مولانا شکیل الدین ندوی کو سماجوادی پارٹی اقلیتی سیل کا ریاستی سیکریٹری منتخب کئے جانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسرت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اور اس فیصلے کو موزوں قرار دیتے ہوئے اس انتخاب کی بھر پور ستائش کی۔قاری عبدالمعید چودھری نے کہا کہ آج ملک کے موجودہ حالات کو دیکھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ ہمارا ملک تباہی وبربادی کے دہا نے پرکھڑا ہے، ملک میں بسنے والے لوگوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،مٹھی بھر انتہا پسندعناصر ملک کی خوبصورتی اور اسکی گنگا جمنی تہذیب کو آگ لگانا چاہتے ہیں، ایسی نازک گھڑی میں سماج وادی پارٹی اقلیتی سیل کے ریاستی صدر شکیل احمد نے ایک مولانا شکیل الدین ندوی کو جو ایک عرصے سے ہمیر پور، باندہ وغیرہ میں جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سے ملک و سماج کے لئے بیش بہا خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کی قابلیت اور اہلیت کی بناء پر آج انہیں سماج وادی پارٹی اقلیتی سیل کا ریاستی سیکریٹری منتخب کیا ہے ، انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ انشاءاللہ یہ فیصلہ اقلیتی بورڈ سمیت پارٹی کے لئے یقینا نیک فال ثابت ہوگا۔ قاری عبدالمعید نے کہا کہ مولانا موصوف پارٹی کے اس اہم عہدے پر رہ کر اقلیتی بورڈ کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ صوبے کی تمام اقلیتوں کے توقعات پر پورا اتریں گے، اور ان کے فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔