دفتر جمعیۃ علماء احمد آباد پہنچ کر قانونی امداد دینے کے لیئے شکریہ ادا کیا
ممبئی10/ فروی
ناکافی ثبوت شواہد کی بنیا د پر انڈین مجاہدین گجرات مقدمہ سے بری کیئے گئے 28 میں سے 9/ ملزمین کی 14 سالوں کے طویل انتظار کے بعد گذشتہ شام سابرمتی جیل سے رہائی عمل میں آئی۔جن ملزمین کی جیل سے رہائی عمل میں آچکی ہے ان کے نام ۱۔ شکیل احمد مالی(دھارواڈکرناٹک)۲۔محمد عرفان نقیب منصوری(کریلی مدھیہ پردیش)۳۔ عمر اشوک کالا بھائی (احمد آباد گجرات)۴۔ محمد سلیم جمال بھائی(احمد آباد گجرات)۵۔ محمد یونس منیار (اجین مدھیہ پردیش)۶۔ محمد شاہد ناگوری(اجین مدھیہ پردیش)۷۔ ظہیر ایوب بھائی پٹیل (سورت گجرات)۸۔ محمد شمیع راج احمد (بیجاپور کرناٹک) ۹۔محمد حبیب فلاحی(اعظم گڑھ یوپی) ہیں۔
جیل سے رہائی کے بعد دو ملزمین نے جمعیۃ علماء احمد آباد (ارشد مدنی) کے دفتر واقع احمد آباد میں مفتی عبدالقیوم قاسمی(جنرل سیکریٹری صوبہ گجرات) اور ان کے رفقاء سے ملاقات کی اور انہیں اور دیگر ملزمین کو قانونی امداد دیئے جا نے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ باعزت بری ملزمین نے بذریعہ ویڈیو کال جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی سے بھی گفتگوکی اور ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ااو رکہاکہ وہ کل صبح گیارہ بجے ممبئی میں ان سے ملاقات کریں گے۔
ملزمین نے جمعیۃ علماء کی جانب سے مقرر کردہ دفاعی وکلاء سینئر ایڈوکیٹ آر کے شاہ، سینئر ایڈوکیٹ ایل آر پٹھان، ایڈوکیٹ ایم ایم شیخ، ایڈوکیٹ خالد شیخ،ایڈوکیٹ الیاس شیخ،ایڈوکیٹ نینا بین و دیگر معاونین وکلاء کا بھی شکریہ ادا کیا۔
عیاں رہے کہ باعز ت بری کیئے جانے کے باوجود 19 / ملزمین کی جیل سے رہائی عمل میں نہیں آسکی ہے کیونکہ وہ دیگر مقدمات میں ماخوذ ہیں لیکن احمد آباد مقدمہ سے بری ہونے سے انہیں دیگر مقدمات سے بری ہونے میں مدد ملے گی ۔نچلی عدالت سے قصور وا ر ٹہرائے گئے 49 / ملزمین کی سزاؤں کے تعین پر کل دفاعی وکلاء اور استغاثہ بحث کریں گے اس کے بعد عدالت ان کی سزاؤں کا تعین کریگی۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹرا