پٹنہ: 28 اپریل (پریس ریلیز)
رمضان المبارک کا آخری عشرہ جاری ھے ،اسی کی طاق راتوں میں میں سے کسی رات میں شب قدر ھے ، شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ھے ، اس لئے اس رات میں عبادت اور شب بیداری کا اھتمام کرنا چاہئے ، مذکورہ خیالات کا اظہار بہار اسٹیٹ مومن کانفرنس کے صدر مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی نے پریس ریلیز میں کیا ھے ، انہوں نے مزید کہا کہ ھمارے ملک میں عام طور پر ستائیسویں تاریخ کی شب میں شب بیداری اور عبادت ،تلاوت اور نوافل کا اھتمام کیا جاتا ھے ،اس موقع پر ھمیں دلجمعی کے ساتھ عبادت میں وقت گذارنا چاہئے ، تلاوت اور نوافل کا اھتمام کرنا چاہئے ، اور دینی روایت کی پاسداری کرنی چاہئے ، انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ وقت میں کچھ لوگوں نے شب بیداری کا مطلب صرف رات میں جاگنا سمجھ لیا ھے ، اس لئے شب بیداری اور دین کے نام پر خرافات بھی انجام دیئے جانے لگے ہیں ،جن کا دین و شریعت سے نہ تو کوئی تعلق ھے اور نہ ھی دین میں کوئی ثبوت ھے ، اس رات میں کچھ نوجوان بائک کا ریس کرتے ہیں ،کیرم بورڈ کھیلتے ہیں ، تاش بازی کرتے ہیں ، شور و ھنگامہ کرتے ہیں ، ان کے علاؤہ اور بھی بہت سے لغو اور غلط کام کرتے ہیں ،اور افسوس کی بات یہ ھے کہ یہ کام شب بیداری اور دین کے نام پر کرتے ہیں ،حالانکہ خرافات اور لغو باتوں سے شب قدر کا کوئی تعلق نہیں ھے ، اس طرح غلط باتوں سے پرہیز ھماری ذمہ داری ھے ، خاص طور پر ایسے موقع پر جب ملک میں نفرت کا ماحول پایا جاتا ھے ،ھماری ذرا سی لغزش بھی خود ھمارے لئے اور سماج کے لئے خطرہ کی بات ھو سکتی ھے ،اس لئے ہر موقع پر خاص طور موجودہ وقت میں ھماری ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ھے کہ ھم شب قدر کا اسی طرح اہتمام کریں ،جس طرح شریعت نے ھمیں حکم دیا ، اور ھم اس عبادت کی رات کو خرافات اور بیکار کاموں میں برباد نہ کریں ،اللہ تعالی ھمیں شب قدر کے احترام کی توفیق عطا فرمائے