قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ایسی تقریبات کا انعقاد ضروری
موتی ہاری
جماعت اسلامی ہند، موتی ہاری و ایس۔آئی۔او۔ کے زیر اہتمام موتی ہاری اردو لائیبریری میں عید ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں برادران وطن کی شرکت نے پروگرام کو دل چسپ بنا دیا۔ حافظ عبد الرشید صاحب نے قرآن مجید کی تلاوت کی اور امیر مقامی عبدالرشید برق نے ترجمہ پیش کیا ۔نظامت کی ذمہ داری جناب خورشید امام صاحب ناظم علاقہ ترہت نے بحسن وخوبی نبھائی ۔ افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے ماسٹر محمد اسرار الحق صاحب نے کہا کہ نفرت کا خاتمہ محبت سے کیا جا سکتا ہے ۔ جب تک بچہ ہوش نہیں سنبھال لیتا تو اسے کسی مذہب سے کوئی مطلب نہیں ہوتا لیکن بڑا ہوتے ہی اس کے والدین کے توسط سے اسے مذہب کی سمجھ آتی ہے ۔ آج کل مذہب کے نام پر نفرت کی سیاست ہو رہی ہے جو انسانیت کے بالکل مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کو محبت سے شکست دی جاسکتی ہے ۔ اس لیے ہمیں پیغام محبت کو عام کرنا ہے اور جماعت اسلامی کی جانب سے عید ملن پروگرام کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے۔ اس موقع سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ابو نصر نہال الدین نے کہا کہ انسانیت سے بڑا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ اتحاد و بھائی چارے کی عمدہ مثال ہے عید ملن کا یہ پروگرام ۔ عید کی خوشیوں میں مسلم بھائیوں کے ساتھ غیر مسلم بھائیوں کا شامل ہونا ، ملک کی گنگا جمنی تہذیب کا نایاب نمونہ ہے’ جناب سہیل احمد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہماری مشترکہ تہذیب و ثقافت کے انہدام میں کچھ پراگندہ ذہنیت کے لوگ منہمک ہیں۔ اس لئے ملک کے حسن کو برقرار رکھنے کے لئے دانشوروں اور سیکولر سیاسی رہنماؤں کو آگے آنا ہوگا ۔ ہم اگر خاموش رہیں گے تو ملک میں امن کی بحالی کے لئے اور محبت کو پروان چڑھانے کی ذمہ داری کون نبھائے گا ۔ ملک کے امن اور شانتی کے لئے ہمیں دانشوروں کو اہل علم کو اور سیکولر مزاج لوگوں کو آگے بڑھنا ہوگا ۔ یہ بھی کہا کہ باہمی الفت و محبت کو فروغ دینا ہماری اہم ذمہ داری بنتی ہے اگر ہم نے موجودہ صورتحال میں خود کو کنارے رکھا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ ہمیں چاہیے کہ نفرت کا خاتمہ محبت سے کرنے کا اعلان کریں اور صرف اعلان ہی نہیں کریں بلکہ انسانیت کی بقا اور تحفظ کے لیے سماجی سطح پر حکمت عملی اپنائیں اور ایک دوسرے سے گلے ملتے رہیں اور پھر ملک کی ترقی کی دعائیں کریں امن اور شانتی سے ہمارا یہ ملک آگے بڑھے ہم چاہیں گے کہ ہمارا ملک علم کے میدان میں اور ساتھ ہی اخلاقیات کے میدان میں بھی آگے بڑھے اس موقع پر جماعت اسلامی ہند موتیہاری کے دیگر مقررین نے کہا کہ مذہب کسی کا بھی ہو کسی کو برا کہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ عید ملن کی تقریب منا کر ہندو مسلم اتحاد کو مضبوط کرنا ہمارا مقصد ہے- ہم سب مل جل کر ملک کو ترقی کی طرف لے جانے کی کوشش کریں یہ اسی وقت ممکن ہے جب تمام مذ اھب ، ذات ، برادری کو ساتھ لے کر چلیں ۔
اس موقع سے دھرم ویر گپتا، ستیش ٹنڈن، امن راج، چتر بھج بیٹھا، ویویک کمار نے حاضرین کو خطاب کیا۔ اس موقع پر مفتی ریاض احمد قاسمی ،قیصر الاسلام، پروفیسر اقبال حسین، صحافی عزیر انجم، ارشاد عالم ناظم ضلع جماعت اسلامی، امیر الدین صاحب، ڈاکٹر مختار الحق، انجینئر تنویر احمد خان ، وصیل احمد خان ، رامیشور ساہ ، خالد ندیم, ایس آئی او کے عاصم کلیم، شہباز خان سمیت معززین شہر شریک تقریب رہے ۔