معہد ام حبیبہ للبنات جینگڑیا، روتہٹ نیپال کی تعلیم انتہائی معیاری ہے، تعلیم و تربیت میں اس ادارہ کو گمان سے زیادہ بہتر پایا: میئر کنتھ مونی

نیپال: 25 جون انوار الحق قاسمی
باکمال عالم دین،وقت کے بڑے مرتاض،سادگی پسند اور تصنع سے دور،علماء کے بڑے ہی قدر داں،تعمیری ذہنیت کے حامل ،بےانتہا خلیق مولانا محمد عزرائیل مظاہری کی ایک معمولی دعوت پر آج بتاریخ 24/ذوالقعدہ 1443ھ مطابق 25/جون 2022ء بروز ہفتہ بوقت صبح 9/بجے گروڈا نگر پالیکا کے میئر عزت مآب کنتھ مونی کی ملک نیپال کے قابل اعتماد اور خالص دینی و مذہبی ادارہ:” معہد ام حبیبہ للبنات جینگڑیا (8)روتہٹ نیپال” میں حاضری ہوئی۔
میئر صاحب کے اکرام اور تعظیم میں ایک انتہائی مختصر پروگرام منعقد ہوا،جس میں عزیزہ نورناز خاتون نے قرآن کریم کی تلاوت کی،شان رسالت میں نذرانہ عقیدت معہد ہذا کی ایک ہونہار طالبہ پھول تارہ نے پیش کی،اردو زبان میں عزیزہ ذکیہ عشرت ، انگریزی میں پھول ناز اور نیپالی میں روشن جہاں نے بڑے ہی بے باکانہ اور خطیبانہ اسلوب میں تقاریر پیش کیں۔
معہد ہذا کی بچیوں کا مختصر پروگرام سماعت فرمانے کے بعد میئر صاحب نے کہا:کہ حقیقت یہی ہے اب تک مجھے اس بات کا علم تھا ہی نہیں کہ حضرت مولانا محمد عزرائیل صاحب مظاہری اتنا بڑا گرلز مدرسہ بڑے بڑے ہی کر و فر کے ساتھ چلارہے ہیں(جس میں 180/طالبات دارالاقامہ میں رہ کر خالص دینی تعلیم(شکچھا) حاصل کرتی ہیں) اور نہ ہی مولانا نے کبھی اس کی طرف اشارہ کیاتھا۔اب تک میرے ذہن و دماغ میں یہی بات تھی کہ مولانا صرف جھاڑ پھونک ہی کرتے ہیں؛مگر حضرت تو یہاں بہت بڑا کام انجام دے رہے ہیں۔بچیوں کا یہ مختصر پروگرام سننے کے بعد مجھے اندازہ لگا کہ یہاں انتہائی معیاری تعلیم دی جاتی ہے اور یہاں کے اساتذہ کافی محنتی ہیں۔میئر صاحب نے یہ بھی کہا:کہ یہاں کی طالبات کو حجاب میں دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی،حجاب اور برقع سے عورتوں کی عزت و عصمت محفوظ رہتی ہے اور باحجاب عورتوں میں حیا کا عنصر بہت زیادہ ہوتا ہے۔میں یہاں کی تعلیم و تربیت سے بہت خوش ہوں اور حقیقت یہ ہے کہ اس ادارہ کو گمان سے زیادہ بہتر پایا۔
اخیر میں میئر صاحب نے کہا:کہ اس نگر پالیکا میں جب تک میری حکومت ہے،اس وقت تک میں اس ادارہ کا خاص خیال رکھوں گا اور اسے تعلیمی اور تعمیری ترقی دینے کی ہر ممکن کوشش کروں گا ۔
پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں مولانا وقاری اسرار الحق قاسمی نائب ناظم معہد ہذا،مولانا وقاری نثار احمد صدر مدرس معہد ہذا،حاکم رام بابو ،جناب محمد منظر ،محمد اسلم ،نورفین،نیتا محمد صدام،شاہ تاز ،پرویز،عاقل وغیرہم کے اسما شامل ہیں۔