پٹنہ: 9 جولائی
عیدالاضحی ایثار وقربانی کا تہوار ہے۔قربانی اللہ کی قربت کا بہترین ذریعہ ہے، اس سے اللہ کی راہ میں سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ اللہ کے یہاں قربانی کا نہ تو گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون۔ اللہ کے پاس قربانی کرنے والے کا تقویٰ پہنچتا ہے۔ قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے، اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی قربانی خلوص کے ساتھ کریں اور ا س سے تقویٰ حاصل کرنے کی نیت ہو۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا مطلب صرف جانور کی قربانی نہیں ہے، بلکہ قربانی کا مطلب یہ ہے کہ ہم اس کے ذریعہ تقویٰ اور اللہ کا قرب حاصل کریں۔اللہ کے لئے ہم ان تمام باتوں کو چھوڑدیں جو تقویٰ حاصل کرنے کے راستہ میں رکاوٹ بنیں۔ قربانی کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنی انا اورخواہشات نفسانی ، حسد ،کینہ بغض وغیرہ کو قربان کردیں اور ہر اس چیز کو قربان کردیں جو اللہ کی قربت اور نزدیکی کے لئے رکاوٹ بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحی اہم تہوار ہے، یہ اسلامی تہوار ہے، اسلام پیار ومحبت اور امن وشانتی کا پیغام دیتا ہے، اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عیدالاضحی کے تہوار کو پیارومحبت ،بھائی چارہ اور امن وشانتی کے ماحول میں بنائیں۔ کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔ قربانی کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کھلی جگہ پر قربانی نہ کریں، صفائی کا اہتمام کریں ،قربانی کے جانوروں کے فضلات کو ادھر ادھر نہ پھینکیں۔ نہ اس کا ویڈیو بنائیں اور نہ وائرل کریں حکومت کی گائیڈلائن کو پیش نظر رکھتے ہوئے شریعت کے مطابق قربانی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحی امن وشانتی ،پیارومحبت اور بھائی چارہ کا پیغام دیتا ہے اور اس کے لئے ہر طرح کی قربانی کے جذبہ کو فروغ دیتا ہے، اس لئے ہمیں چاہئے کہ اس موقع پر ہم پیارومحبت ،امن وشانتی اور بھائی چارہ کے پیغام کو عام کریں، ہر موقع پر صبر وتحمل سے کام لیں اور خوشگوار اورپرامن ماحول میں تہوار منائیں۔