چھوٹے کاروباریوں کو سودی قرض کی لعنت سے نکالنے اور اپنے کاروبار کو مستحکم کرنے کی غرض سے زكوۃ سینٹر انڈیا نے کی ممبئی کے 54 افراد کی خصوصی مدد

16 جولائی ، کُرلا ممبئی

زکوۃ سینٹر انڈیا ممبئی یونٹ نے مسلمانوں میں معاشی پسماندگی دور کرنے کے لیے اجتماعی نظم زکوٰۃ قائم کیا ہے جو کُل ہند سطح کی تحریک کا حصہ ہے ۔ مارچ 2022 میں قیام عمل میں آیا اور رمضان میں زکوٰۃ کی حصولیابی کی گئی۔اُس کے بعد گزشتہ دو ماہ سے مستحق چھوٹے کاروباریوں کی تلاش، تصدیق اور ان کی ضروریات کا اندازہ لگانے کے لیے مسلسل جد وجہد کی گئی اور 54 افراد کا انتخاب کیا گیا ۔
کاروباری امداد کی تقسیم کے لیے 16 جولائی کو ایس آئی او کُرلا کے آفس میں ایک تقریب ہوئی جس میں شرکا کو بزنس کے اُصول و اخلاقیات اور بہتر بزنس کے لئے رہنمائی دیتے ہوئے افضل داروڈیا جوائنٹ ٹریژرر نے کہا کہ سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق کاروبار کرنے سے کامیابی لازماً ملے گی۔کاروبار میں اخلاقیات اور حرام و حلال کی تمیز آپ کو آپ کے خواب و خیال سے اُونچا لے جا سکتی ہے جس کے لیے اُنہوں نے کئی حقیقی مثالیں پیش کیں۔ جماعت اسلامی ہند ممبئی کے صدر عبد الحسیب بھاٹکر نے کہا کہ ایماندار تاجر قیامت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اِس طرح ہوگا جیسے دو انگلیاں۔ عبد الرحمن بن عوف کی مثال دی کہ کس طرح اُنہوں نے خودداری کا ثبوت دیتے ہوئے ہجرت کے بعد بنائے گئے انصار بھائی سے مدد لیے بغیر صرف بازار کا راستہ پوچھا اور بغیر کسی راس المال کے ایک انتہائی کامیاب تجارت کی بنیاد ڈالی اور مدینہ کے امیر ترین تاجر بن گئے جن کا سونا آپ کے انتقال کے بعد کلھاڑ سے کاٹ کر وراثت میں تقسیم کیا گیا ۔
ضمیر الحسن (سیکریٹری زکوۃ سینٹر انڈیا ممبئی) نے کہا کہ ہماری امداد آپ کے لئے صرف اسی وقت مددگار ثابت ہو سکتی ہے جب آپ زکوٰۃ لینے والے سے زکوٰۃ دینے والے بننے کا عزم رکھیں اور اپنی محنت، لگن اور ایمانداری سے اللّٰہ تعالیٰ کی مدد کے مستحق بن جائیں۔زکوٰۃ سینٹر کی کامیابی آپ کی کامیابی پر منحصر ہے۔اگر آپ نے دی گئی رقم کا غلط استعمال کیا اور ہمارے منصوبے کو غلط ثابت کیا تو نہ صرف آپ بلکہ آپ جیسے بہت سے ضرورت مند امداد سے محروم رہ جائیں گے۔
رضوان صدیقی(نائب صدر زکوٰۃ سینٹر انڈیا) مشہور صنعت کار اور دیگر ذمّہ داران کے ہاتھوں کل 49 چھوٹے کاروباریوں میں کُل 972000(نو لاکھ بہتر ہزار) روپیے تقسیم کیے گئے۔ امداد حاصل کرنے والوں میں خواتین، معذور، کینسر سے صحت یاب ہونے والے افراد بھی شامل تھے جو ملاڈ ، مالونی ، جوگیشوری ، نالا سوپارا ،مدن پورہ اور ممبرا سے آئے تھے۔مستقبل میں بھی ان افراد کی مستقل رہنمائی کا نظم کیا گیا ہے اور مزید ضروریات کی تکمیل کے لیے بھی گنجائش باقی رکھی گئی ہے۔ زکوٰۃ سینٹر کے دفتری کام کے لیے غیاث الدین اور مستحقین کے سروے کے لیے جعفر خان نے کافی تگ ودو کی۔ سلمان شہاب (خزانچی زکوٰۃ سینٹر) نے اپنی ذمّہ داری ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
زکوۃ سینٹر انڈیا ممبئی کے صدر مفتی اشفاق قاضی، نائب صدر عزیز الرحمٰن نے امداد کی درخواستوں کا باریکی سے جائزہ لیا اور امداد کی رقم طے کرنے میں کمیٹی وقتاً فوقتاً صدارت کی۔ تقسیم امداد کا سلسلہ مسلسل سروے اور مستحقین کی شناخت کے ساتھ مسلسل جاری رہے گا۔