خلیفۂ اوّل:حضرت ابو بکر صدیق
تحریر: شفیق احمدابن عبد اللطیف آئمی
بیعت عامہ
سقیفہ بنو ساعدہ کے چوپال میں مخصو ص لو گو ں نے بیعت کی تھی۔دوسرے دن حضرت ابوبکر صدیق رضی اﷲ عنہ بیعت عامہ کے لئے مسجد نبوی میںبیٹھے ۔امام محمد بن اسحاق سیرت میں لکھتے ہیںکہ حضرت انس بن مالک رضی اﷲ عنہ نے فرمایا:’’جب بیعت ثقیفہ ہو چکی تو دوسرے دن حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ مسجد نبوی میں منبر پر تشریف لے گئے۔آپ رضی اﷲ عنہ کے تقریر کرنے سے پہلے حضرت عُمر فاروق رضی اﷲ عنہ کھڑے ہوئے اور حمد و صلوۃ کے بعد فرمایا:’’لو گو !اﷲ تعالیٰ نے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے صاحب خاص اور یار غار پر متفق کر دیا ہے جو تم میں سب سے بہتر اور اچھے ہیں۔اس لئے کھڑے ہو جاؤ اور بیعت عام کر لو۔تمام لوگوں نے اُس وقت آپ رضی اﷲ عنہ سے بیعت عام کی ۔یہ بیعت ’’بیعت سقیفہ‘‘کے بعد ہوئی۔اِس بیعت عام کے بعد حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ منبر پر کھڑے ہوئے اور حمدو ثنا کے بعد فرمایا:’’مسلمانو!تم نے مجھے اپنا امیر بنایا ہے حا لانکہ میں اس قابل نہیں ہوں۔اب اگر میں بھلائی کروں تو تم میری مدد کرنااور اگر میںبُرائی کروں تو مجھے سیدھا کر دینا۔سچ امانت ہے اور جھوٹ خیانت ہے۔تم میں سے جو ضعیف ہیںوہ میرے نزدیک اُس وقت تک قوی ہیں جب تک میں اُن کا حق نہ دلوا دوں۔(انشاء اﷲ)یاد رکھو!جو قوم جہاد فی سبیل اﷲ (اﷲ کے لئے لڑنا)چھوڑ دیتی ہے اﷲ اُس کو ذلیل وخوار کر دیتا ہے اور جس قوم میں بد کاری پھیل جاتی ہے اﷲ تعالیٰ اُن کو بلاؤں میں گرفتار کر دیتا ہے۔مسلمانو!جب تک میں اﷲ اور اس کے رسول صلی ﷲ علیہ وسلم کی پیروی اور اطاعت کروں،تب تک تم بھی میری اطاعت اور اتباع کرنا اور جب میں ﷲ اور اُس کے رسول صلی ﷲ علیہ وسلم سے رو گردانی کروں تو پھر میری اطاعت تم پر واجب نہیں رہے گی۔پس !اب چلونماز پڑھو !ﷲ تعالیٰ ہم پر رحم فرمائے۔‘‘امام موسیٰ بن عقبہ نے اپنی کتاب ’’مغازی‘‘میں لکھا ہے اور امام حاکم نے حضرت عبد الرحمن بن عوف رضی اﷲ عنہ سے روایت کی ہے کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ نے اُس دن خطبہ میں ارشاد فرمایا:’’اﷲ کی قسم!مجھے دن رات میں کبھی امارت کا شوق نہیں ہوااور نہ میں نے کبھی اس کی حرص کی نہ میں نے اﷲ تعالیٰ سے اس کے لئے ظاہر و باطن میں دعامانگی۔(یعنی خلافت کی کبھی تمنا یا دعا نہیں کی)اصل (بات)یہ ہے کہ مجھے ڈر تھا کہ کہیں فتنہ برپا نہ ہو جائے۔میرے لئے خلافت میں کو ئی راحت و سکون نہیں ہے ۔میرے کندھوں پر بھاری بوجھ رکھ دیا گیا ہے۔انشاء اﷲ! اﷲ تعالیٰ کی مدد سے اس دشوار کام کو انجام دینے کی کوشش کروں گا۔مجھے اﷲ کی طاقت اور قوت پر پورا پورا بھروسہ ہے۔‘‘یہ تقریر سن کر حضرت علی رضی اﷲ عنہ اور حضرت زبیر رضی اﷲ عنہ نے فرمایا:’’ہمیں ندامت ہے کہ ہم مشورہ ٔ خلافت میں آپ رضی اﷲ عنہ کے ساتھ نہیں تھے۔حالانکہ ہم خوب جانتے ہیں کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ ہی تمام لوگوں میں خلافت کے سب سے زیادہ حقدار ہیںکیونکہ آپ رضی اﷲ عنہ، رسول ا ﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے یار غار ہیں۔ہمیں آپ رضی اﷲ عنہ کے شرف اور بزرگی کا علم ہے اور یہ بھی جانتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے اپنی حیات طیبہ میں آپ رضی ا ﷲ عنہ کو امامت کا حکم فرمایا تھا۔‘‘
{منبر پر رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کی جگہ نہیں بیٹھے}
حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ کے بیعت عامہ کے بعد خطبہ کے بارے میں امام محمد بن سعد لکھتے ہیںکہ حضرت مالک بن عُروہ رضی اﷲعنہ نے فرمایاکہ جب حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ خلیفہ ہوئے تو آپ رضی اﷲ عنہ نے حمد و صلوۃ کے بعد لوگوں سے خطاب فرمایا:’’لوگو!میں اگرچہ تمہارا امیر ہو گیا ہوںلیکن میں تم سے بہتر نہیں ہوں۔قرآن پاک نازل ہو چکا ہے اور رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے ہمیں اپنی سنتوں پر چلنا سکھا دیا ہے۔ہم اچھی طرح (احکام ِ شریعت) جان گئے ہیں۔پس اے لوگو!سمجھ لو کہ دانشمند وہی ہے جو متقی ہے اور سب سے زیادہ فاسق و فاجر وہ ہے جو(گناہوں سے بچنے میں)سب سے زیادہ عاجز ہے۔میرے نزدیک تم میں جو سب سے زیادہ کمزور ہے ،وہ اُس وقت تک قوی ہے جب تک کہ اُس کا حق قوی سے نہ دلوا دوں اور میرے نزدیک تم میں سے سب سے زیادہ قوی اُس وقت تک ضعیف ہے ،جب تک کہ اس سے لوگوں کا حق نہ لے لوں۔لو گو !میں سنت کی پیروی کرنے والا ہوں،دین میں نئی نئی باتیں پیدا کرنے والا نہیں ہوں۔پس میں نیکی کروں تو مجھ سے تعاون کرنااور اگر میں غلطی کروں تو مجھے سیدھے راستے پر لے آنا۔بس مجھے اتنا ہی کہنا ہے۔ اب میں اپنے اور تمہارے سب کے لئے مغفرت چاہتا ہوں۔‘‘(طبقات ابن سعد)حضرت عبداﷲ بن عُمر فاروق رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ پوری زندگی منبر پر اُس جگہ نہیں بیٹھے جہاں رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم تشریف فرما ہوتے تھے۔اسی طر ح حضرت عُمر فاروق رضی اﷲ عنہ ،پوری زندگی اُس جگہ پر نہیں بیٹھے جہاں حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ بیٹھتے تھے اور حضرت عثمان غنی رضی اﷲ عنہ پوری زندگی اُس جگہ پر نہیں بیٹھے جہاں حضرت عُمر رضی اﷲ عنہ بیٹھتے تھے۔(المعجم الاوسط،امام طبرانی)
{اسلام پر سنگین بحران}
رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے وصال سے اسلام کے لئے بہت ہی سنگین بحران پیدا ہو گیا۔ ملک عرب کے بہت سے قبیلے اسلام چھوڑ کر مُرتد ہوگئے۔بہت قبیلوں نے زکوٰۃ دینے سے انکار کردیا۔کئی لوگوں نے جھوٹی نبوت کا دعویٰ کردیا تھا۔پورے ملک عرب میں بے یقینی اور بے چینی کا ماحول تھا۔ہر قبیلے کے صحیح مسلمان حیران و پریشان تھے اور اپنے اپنے قبیلے والوں کو سمجھا رہے تھے۔لوگوں کو مُرتد ہونے سے روک رہے تھے۔جھوٹی نبوت کا دعویٰ کرنے والوں کی اتباع کرنے سے روک رہے تھے اور ذکوٰۃ روکنے والوں کو بھی سمجھا رہے تھے۔ہر قبیلے کے سچے مسلمان اپنے اپنے قبیلے کے لوگوں کو سمجھا رہے تھے۔ایسے سنگین حالات میں حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ کو مدینہ منورہ میں مسلمانوں کا خلیفہ بنایا گیااور آپ رضی اﷲ عنہ پر اسلام کو بحران سے نکالنے اور دنیا والوں تک پہنچانے کی عظیم ذمہ داری ڈال دی گئی ۔
{تمام آزمائشوں پر کھرے اُترے}
حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ نے انتہائی سنگین حالات میں خلافت کی ذمہ داری سنبھالی اور آپ رضی اﷲ عنہ کا دور ِ خلافت بہت ہی ہنگامہ خیز تھا ۔رسول ا ﷲصلی اﷲ علیہ وسلم کے وصال کے بعد جو طوفان اُٹھا وہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ کے لئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا تھا۔ آپ رضی اﷲ عنہ کے لئے پہلی آزمائش سقیفہ بنو ساعدہ میں انصار کی وہ مجلس تھی جس میں رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کی جا نشینی کا مسئلہ طے ہونا تھا۔حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ اِس آزمائش میں پورے اُترے ۔اس کے بعد فتنۂ ارتداد کی وبا نے تقریباًسارے عرب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس کے ساتھ ساتھ منکرین ذکوٰۃ کا فتنہ الگ انتشار پیدا کرر ہا تھا۔رہی سہی کسر جھوٹے مدعیان ِنبوت نے پوری کر دی۔اِ ن نا مساعد حالات کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے بہت سے قبائلی سرداروں نے بھی بغاوت کر دی۔ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کے وصال کے بعد عالم اسلام کی ذمہ داریوں اور اُمت کی قیادت کا بوجھ بھی حضرت ابو بکر صدیق رضی ا ﷲ عنہ کے کاندھوں پر آگیا۔انہوں نے کمال بصیرت و دانائی سے پہلے صحابہ ٔ کرام رضی اﷲ عنہم کے زخمی دلوں پر پھایا رکھاجو آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کے وصال سے بد حال ہو رہے تھے۔ اُسی وقت سقیفہ بنو ساعدہ میں پہنچے اور اپنی خدا داد فراست و تدبر سے انتہائی بگڑے ہوئے حالات پر قابو پایامگر یہاں مشکلات کا خاتمہ نہیں ہوابلکہ یہ تو آغاز تھا۔اُن مصائب کا جن سے آپ رضی اﷲ عنہ کو دوچار ہو نا تھا۔حالات انتہائی خطرناک صورت اختیار کر چکے تھے لیکن اس طوفانی دور میں بھی حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ نے استقلال کے دامن کو ہاتھ سے نہیں چھوڑا اور اُن کے پائے ثبات میں ذرا بھی لغزش نہیں آئی اور آپ رضی اﷲ عنہ اپنے رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کے مسلک سے ایک انچ بھی ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہوئے۔حالانکہ بعض مواقع پر بڑے بڑے جلیل القدر صحابہ کرام رضی ا ﷲ عنہم کی رائے آپ رضی اﷲ عنہ کی رائے سے مختلف تھی۔خاص طور سے منکرین ذکوٰۃ اور لشکر ِ اُسامہ کے بارے میں ۔لیکن بعد میں حالات نے ثابت کیا اور صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم نے بھی تسلیم کیا کہ آپ رضی اﷲ عنہ کی رائے اور فیصلہ دُرست تھااور آپ رضی اﷲ عنہ نے اپنی فراست اور تدبر سے جھوٹے نبیوں کا بھی خاتمہ کیا ،منکرین زکوٰۃ کو بھی اسلام پر عمل کرایا،مرتدین کو بھی دوبارہ حلق بگوش اسلا م کیااور باغیوںکی بھی سرکوبی کی اور ان سب معا ملات کو کنٹرول کرنے کے لئے اُنہوں نے ’’اﷲ کی تلوار‘‘یعنی حضرت خالد بن ولید رضی اﷲ عنہ کا بہت خوبی سے استعمال کیا۔یہ اجمالی حالات ہم نے آپ کی خدمت میں پیش کئے ہیں۔اب انشاء اﷲ تمام حالات تفصیل سے پیش کریں گے۔اﷲ ہمارا حامی و ناصر ہو۔
{فتنوں کے پیدا ہونے کی وجوہات}
حضرت اب
و بکر صدیق رضی اﷲ عنہ نے جب خلافت کی ذمہ داری سنبھالی تو اُس وقت مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ اور طائف کے تمام لوگ اسلام پر قائم رہے۔ان کے علاوہ قبیلہ مزنیہ،قبیلہ بنو غفار ،قبیلہ بنو جہینہ،قبیلہ بنو اشجع،قبیلہ بنو اسلم،اور قبیلہ بنو خزاعہ کی اکثریت اسلام پر قائم رہی صرف چند افراد مُرتد ہوئے تھے۔اِن کے علاوہ پورے ملک عرب میں اضطراب کی لہر دوڑ گئی تھی۔وہ لوگ جن کے دل قبائلی عصبیت سے پاک نہیں ہوئے تھے اور وہ لوگ جن کے دل میں اسلام راسخ نہیں ہوا تھاوہ مُرتد ہو گئے۔اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ۹ ھجری اور ۱۰ ھجری میں پورے ملک عرب سے وفود نے رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر اسلام قبول کیا تھااور چند ہفتے یا چند مہینے آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کی خدمت میں رہ کر تعلیم و تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنے اپنے قبیلے میں جا کر اسلام کی تعلیم دی۔اس طرح دور دور کے قبائل میں اسلام راسخ نہیں ہو سکا تھااور وہ ہوا کے رخ پر بہہ گئے۔دوسرا گروہ ’’مانعین زکوٰۃ‘‘ کا تھا۔یہ مدینہ منورہ کے قریب آباد قبیلہ بنو عبس،قبیلہ بنو ذیبان،قبیلہ بنو کنانہ ،قبیلہ بنو غطفان اور قبیلہ بنو فزارہ تھے۔انہوں نے حضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ کے بھیجے ہوئے تحصیلداروں کو زکوٰۃ دینے سے انکار کر دیا۔اس کی وجہ یہ تھی کہ ان قبائل کے اندر جاہلی تصور پیدا ہو گیا تھااور اُنہوں نے یہ کہنا شروع کردیا تھا کہ چونکہ رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے کسی کو اپنا جا نشین مقرر نہیں کیا ۔اس لئے ہم پر مہاجرین و انصار کے منتخب خلیفہ کی اطاعت لازم نہیں ہے اور ہمیں بھی یہ اختیار ہے کہ اپنا امیر مقرر کر لیں اور اسلام پر کاربند رہتے ہوئے اپنے امیر کی پیروی کریں۔زکوٰۃ کو یہ لوگ جزیہ سمجھتے تھے۔تیسرا گروہ جھوٹی نبوت کا دعویٰ کرنے والوں کا تھا۔اِن جھوٹی نبوت کا دعویٰ کرنے والوں میں (۱) اسود عنسی (یمن) (۲) مسیلمہ کذاب (یمامہ) (۳) طلیحہ (بنو اسد) (۴) سجاع(بنو تمیم) (۵)ذوالتاج لقیط بن مالک(عمان)سرِفہرست تھے۔اِن تینوں گروہوں کے علاوہ چوتھا گروہ مسلح باغیوں کا تھا۔
باقی ان شاء اللہ اگلی قسط میں۔۔۔