مجموعۂ اسلامی تعلیمات

ازقلم: مجاہد عالم ندوی
ٹائمس انٹرنیشنل اسکول محمد پور شاہ گنج ، پٹنہ

ہمارا دین اسلام ہے ، اس دین کو کو ماننے والے سارے انسانوں کو بھائی تصور کرتے ہیں ، اسی لیے اس کے احکام سب کے لیے یکساں ہیں ، یہاں کسی کو کسی پر امتیاز اور برتری صرف پرہیز گاری کی بنیاد پر حاصل ہوگی ، اسلام میں بچوں کی تعلیم و تربیت اور انہیں اعلیٰ انسانی قدروں سے متصف کرنے کی بڑی اہمیت ہے ۔
رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا: ٫٫ باپ اپنی اولاد کو اپنی طرف سے جو کچھ دیتا ہے اس میں سب سے بہترین عطیہ اس کی اچھی تعلیم و تربیت ہے ٬٬۔ جس طرح ماں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بچے کی تربیت کا بھر پور خیال رکھے اسی طرح باپ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کی تعلیم اور کردار سازی سے متعلق کبھی غافل نہ رہے ۔
بچوں کے بارے میں ایک قول بہت مشہور ہے کہ ٫٫ بچے جنت کے پھول ہیں ،،۔ پھول کتنا نازک ہوتا ہے اور اس کی سینچائی میں کتنی اور کیسی محنت لگتی ہے یہ ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں ، تب جا کر وہ کسی گلدستہ میں اپنا مقام پاتا ہے ، ہمارے ان خوشنما پھول جیسے بچوں کی تربیت تین جگہوں میں ہوتی ہے : ٫٫ گھر ، اسکول اور ماحول ٬٬۔ ان تینوں کی مشترکہ محنتوں کے بعد ہی ہمارا خاندان ، معاشرہ گل گلزار ہو سکتا ہے ۔
تعلیم کا بنیادی مقصد نسل نو کو انسانی سماج کی ترقی کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ نئی نسل اپنے اجداد سے اخذ کردہ علم اور معلومات سے مستفیض ہو سکے ، اور یہ بات بھی مسلم ہے کہ بچپن میں جو اچھی باتیں ذہن نشیں ہو جاتی ہیں وہ زندگی کے ہر لمحہ میں کام آتی ہے ۔
پیش نظر کتاب ٫٫ مجموعۂ اسلامی تعلیمات ٬٬ انجینیئر سمیع احمد ٫٫ ڈائریکٹر ٹائمس انٹرنیشنل اسکول محمد پور شاہ گنج ، پٹنہ ٬٬ کے مشورے سے بچوں کو اسلامی تعلیمات سے قریب کرنے کے لیے ترتیب دینے کی کوشش کی ہے ۔
اس کو ترتیب دینے کا اہم مقصد ننھے منے بچے اور بچیوں کو اسلامی تعلیمات و آداب کے زیور سے آراستہ و پیراستہ کرنا ہے ، اور ان کے اندر اسلامی ذوق و شوق پیدا کرنا ہے ۔
اس مجموعہ کی تربیت میں بچوں کی نفسیات کا خاص خیال رکھا گیا ہے ، پیارے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے ارشادات کو آسان اور مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے ، مختلف اور متنوع اسلامی معلومات و دینی مضامین اخذ کر کے بڑی خوبصورتی سے سجائے گئے ہیں ، بچوں کے نازک دل میں اتر جانے والے پند و نصائح اکٹھا کیے گئے ہیں ، دل نشیں سبق آموز نظمیں بھی شامل کی گئی ہیں ۔
ہم گارجین حضرات اور اساتذۂ کرام کو اعتماد میں لیتے ہوئے پوری ذمہ داری کے ساتھ عرض کرنا چاہیں گے کہ اس کتاب کی اہمیت اور اس کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے قبول کریں ، یہ مجموعہ ہمارے بچوں کی ابتدائی تربیت میں ان شاءاللّٰہ رہنما پھر اس کے اثرات دیر پا ہوں گے ۔