ممبئی: 14/ ستمبر
مسلمان ہونے کی حیثیت سے امت کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود دین و شریعت کا اس قدر علم سیکھے اور اپنی نسلوں کو سکھائے کہ وہ زندگی کے ہر مرحلہ میں دن و شریعت کے مطابق زندگی گزار سکیں،اس کے لئے ہمیں مساجد میں قائم مکاتب کے نظام کو مضبوط کرنا اور نصاب تعلیم میں دین کے بنیادی عقائد اورمعلومات کو شامل کرکے ایمان و عقیدے مضبوط کرنا از حد ضروری ہے،تاکہ وہ کسی بھی ایسے عقیدہ یا مشرکانہ کام میں ملوث نہ ہو ں جس سے ان کو ایمان جیسی قیمتی دولت سے ہاتھ دھونا پڑ جائے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی محمد یوسف قاسمی (خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر و صدر جمعیۃعلماء سینٹرل زون،ممبئی)نے سینٹرل زون کے اجلاس مجلس منتظمہ میں شریک اراکین کے سامنے کیا۔
مفتی محمد یوسف قاسمی نے کہا کہ اول مرحلہ میں علاقے کی تمام مساجد سے روابط کو مضبوط کیا جائے،اور نسل نو کی دینی تعلیم اوربنیادی عقائد کی درستگی پر زور دیا جائے،نیز معاشرے میں پھیلی برائیوں کے خاتمہ کے لئے مؤثر و منظم لائحہ عمل طے کیا جائے۔ اس سلسلہ میں یونٹیں اپنے اپنے دائرہ کار میں اس کام کوپوری ذمہ داریسے انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لئے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ دین کے بنیادی عقائد کی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے حالیہ دنوں ہمارے معاشرے اور نسل نو میں بڑی تیزی سے بے راہ روی بڑھتی جارہی ہے،اس کے سد باب کے لئے ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی۔
قاری عبد القدیر کی تلاوت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔اورمو لانا شفیق احمد قاسمی نے میٹنگ کے اغراض و مقاصد کو بیان کیا
اس اجلاس میں مفتی محمد یوسف قاسمی (صدرسینٹرل زون) مولانا شفیق احمد قاسمی (جنرل سکریٹری سینٹرل زون) ریاض بھائی (صدر کھار)مولانا عبد القدیر (جنرل سکریٹری کھار)مولانا عمران،قاری احکام(جنرل سکریٹری بھارت نگر)حکیم فہیم الدین (دھاراوی)عبد الواسع،مولانا محمد قاسم،احمد بھائی و دیگر موجود تھے۔