بہار شریف میں معلمین مکاتب کا تربیتی اجتماع ۱۶؍ تا ۱۸؍ اکتوبر کو، امارت شرعیہ کے نائب ناظم نے لیا جائزہ

امارت شرعیہ کے معلمین مکاتب اور ائمہ مساجد کا تربیتی اجتماع حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم امیر شریعت بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ ، سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر کی ہدایت پر ۱۶؍ اکتوبر ۲۰۲۲ء بعد نماز فجر سے مسجد محلہ شیخانہ بہار شریف میں منعقد ہو گا، جو۱۸؍ اکتوبر تک جاری رہے گا اس اجتماع میں ماہرین تعلیم وتدریس کے محاضرات کے ساتھ عملی مشق بھی کرائی جائے گی ، تدریس کے عمومی مسائل اور دشواریوں کے متعلق بھی اس اجتماع میں گفتگو ہوگی، مکاتب کے معلمین اور ائمہ مساجد کے نام خطوط ارسال کیے جا رہے ہیں،ا س اجتماع میں وفاق المدارس سے جڑے ان اساتذہ کو بھی دعوت دی جا رہی ہے جو اپنے مدرسہ میں ناظرہ قرآن یا حفظ قرآن کی تدریس پر مامور ہیں۔
امارت شرعیہ کے شعبۂ تعلیم کے انچارج مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ نے مولانا منت اللہ حیدری مفتش شعبۂ تعلیم کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لے کر اطمینان کا اظہار کیا، اجتماع کے کامیاب انعقاد کے لیے قاضی شریعت بہار شریف مولانا منصور عالم قاسمی اور دائرہ مسجد کے امام وخطیب مولانا محمد ارمان قاسمی کی جد وجہد بھی مثالی ہے، اس پروگرام کے حوالہ سے بہار شریف کے علماء کے درمیان جوش وخروش پایا جا رہا ہے، پروگرام کے آخری دن بشرط سہولت و موقع حضرت امیر شریعت یا نائب امیر شریعت کی تشریف آوری بھی متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے