مولانا عثمان غنی پر سمینار 13 اکتوبر کو

امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے زیر اہتمام ۱۳؍ اکتوبر ۲۰۲۲ء بروز جمعرات بوقت دس بجے دن ’’مجلہ امارت ونقیب‘‘ کے سابق مدیر ،سابق مفتی اور ناظم مولانا محمد عثمان غنی کی حیات وخدمات پر ایک سمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے، یہ سمینار حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی امیر شریعت امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ وسجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر کی صدارت اور نائب امیر شریعت مولانا محمدشمشاد رحمانی قاسمی کی با وقار موجودگی میں المعہد العالی امارت شرعیہ کے سیمینار ہال (قاعۃ المحاضرات) میں منعقد ہو گا، اردو صحافت کے دو سو سال مکمل ہونے پر یہ تاریخی سمینار عظیم صحافی کے احوال وآثار نیز خدمات پر وقیع خراج عقیدت ہوگا۔ سمینار میں بہار کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے مندوبین اور مقالہ نگار اپنا قیمتی مقالہ پیش کریں گے۔
نائب ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی جو اس سمینار کے کنوینر بھی ہیں نے اپنے ایک اخباری بیان میں یہ اطلاع دی ہے، انہوں نے فرمایا کہ سمینار کی تیاریاں جاری ہیں، مقالہ نگاروں کے مقالات آ رہے ہیں، جن حضرات سے مقالہ لکھنے کی درخواست کی گئی تھی اور وہ تاریخ کے مقرر ہونے کا انتظار کر رہے تھے، ان کے انتظار کی گھڑی اب ختم ہو گئی ہے، جلد از جلد وہ اپنے مقالہ کو مکمل کرکے امارت شرعیہ کے پتہ پر ارسال کر دیں، تاکہ اس با وقار اور تاریخی سمینار میں ان کے مقالہ سے استفادہ کیا جا سکے۔
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے فرمایا کہ وقت پر آنے کی کوشش کریں تاکہ سمینار وقت پر شروع ہو سکے، اور مقالہ نگاروں کو مقالہ کی خواندگی کا پورا پورا موقع مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے