ازقلم: نور حسین افضل(مڈل ایسٹ)
اسلامک اسکالر، مصنف، کالم نویس
noorhussain893@gmail.com
صدر: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (مشرق وسطی)
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح 30 ستمبر 1960ء کو ہوا تھا۔ مڈل ایسٹ ایئرلائنز کے طیارے نے پہلی اڑان بھری تھی۔ اس موقع پر تین ہزار افراد گاڑیوں اور بسوں سے ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ گھوڑوں اور اونٹوں پر بھی لوگ افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ 62برس بعد دبئی ایئرپورٹ نے پوری دنیا میں اپنی منفرد پہچان بنالی ہے۔ 2018ء میں اس ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کی تعداد ایک ارب تک پہنچ گئی۔ دبئی نے ایک چھوٹے سے ایئرپورٹ سے اپنی ترقی کا سفر شروع کیا تھا، اور چند عشروں کے دوران سیاحت، تجارت، فنڈنگ اور ہوابازی کے حوالے سے اب پوری دنیا میں سرفہرست ہے۔ 1960ء میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کی تعداد 3لاکھ 15ہزار تھی، جبکہ 1970ء میں مسافروں کی تعداد 5لاکھ 24ہزار سے زیادہ ہوگئی تھی۔ یہ ایئرپورٹ 1997ء میں تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے ایئرپورٹس کے کلب میں شامل ہوا۔ دنیا کے دس تیز رفتار ترقی کرنے والے ایئرپورٹس میں چھٹے نمبر پر تھا۔ اس ایئرپورٹ نے 14فیصد شرح نمو ریکارڈ کرائی تھی، جو ایشیا اور یورپی ممالک کے بڑے ائیرپورٹس کی شرح نمو سے زیادہ تھی۔
یہ ایئرپورٹ 2014ء میں دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں 70.4 ملین مسافروں کے ساتھ سرفہرست رہا۔ اس وقت سالانہ 90ملین افراد سفر کررہے ہیں۔ 2023ء تک 118ملین سے زیادہ افراد کو سفری سہولت حاصل ہوں گیں۔
یہ ایئرپورٹ دنیا کے بڑے ایئرکارگو سینٹرز میں سے بھی ایک ہے۔ 1970ء سے ستمبر 2020ء تک 40.8 ملین ٹن سے زیادہ سامان کی ترسیل کرچکا ہے۔
ایمریٹس نے 25 اکتوبر 1985ء کو صرف دو طیاروں سے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا۔ ابتدا میں بوئنگ737 اور ایئر بس بی فور300 کرایے پر حاصل کرکے کراچی کے لیے پروازیں شروع کی تھیں۔ رواں برس کے ابتدائی 4ماہ میں 3کروڑ 3لاکھ 54ہزار 349مسافروں نے دبئی کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ استعمال کیا۔ اپریل2018ء میں اِس ہوائی اڈے پر 76لاکھ مسافروں کا استقبال کیا گیا۔ ہوائی اڈے پہنچنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد 76لاکھ 1ہزار 155 رہی۔ یہ تعداد گزشتہ برس اپریل 2017ء میں 76لاکھ 22ہزار 946 مسافروں کے مقابلے میں 0.1فیصد کم رہی۔ رواں برس کے ابتدائی 4ماہ کے دوران یہ ہوائی اڈہ استعمال کرنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد 3کروڑ 3لاکھ 54ہزار 349 رہی۔ یہ تعداد گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران مسافروں کی تعداد 3کروڑ 1لاکھ 19ہزار 542 کے مقابلے میں 0.8فیصد زیادہ ہے۔
مسافروں کی مجموعی تعداد کے لحاظ سے ہندوستان نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی، جس کے مسافروں کی تعداد 10لاکھ 27ہزار 267 رہی۔ دوسری پوزیشن سعودی عرب کی رہی، جس کے مسافروں کی مجموعی تعداد 6لاکھ 40ہزار 556 رہی۔
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایک گھنٹے میں 10ہزار افراد سفر کرتے ہیں۔ ہر منٹ میں 166 مسافر وں کا یہاں سے گزر ہوتا ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 2لاکھ 52ہزار افراد دبئی ایئرپورٹ سے سفر کرتے ہیں۔ اس طرح یہ ایئر پورٹ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شامل ہوگیا ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں مسافروں کی تعداد میں 6.9فیصد اضافہ ہوا ہے۔
دبئی ایئرپورٹ نے جو ترقی کی ہے، یہ اس کے حکمرانوں کا ویژن اور بےانتہا محنت کی بدولت ہے، دبئی ایئرپورٹ میں وہ سہولیات دستیاب ہیں جو دنیا کے بڑے بڑے ایئرپورٹس پر بھی نہیں ہیں، اور اس میں مزید بہتری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔