جمعیتہ علماء ضلع شمال مشرقی دھلی کی جانب سے چل رہی اصلاحِ معاشرہ مہم کے پیشِ نظر دسواں پروگرام جامع مسجد سیلم پور میں منعقد ہوا ، جسکو مولانا جمیل اختر قاسمی (ناظم جمعیتہ علماء ضلع شمال مشرقی دھلی) نے آرگنائز کیا ۔
پروگرام کی صدارت الحاج محمد سلیم رحمانی صدر (جمعیتہ علماء ضلع شمال مشرقی دھلی) نے فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا حسین الدین صاحب (امام و خطیب جامع مسجد سیلم پور) نے انجام دئیے ۔
پروگرام کا آغاز جامع مسجد سیلم پور کے تحت چل رہے مکتب کے طالبِ علم محمد عفان سلمہ کی تلاوت قرآن پاک اور ناظم جلسہ کے نعتیہ اشعار سے ہوا ۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی جناب مفتی ذکاوت حسین صاحب قاسمی (شیخ الحدیث مدرسہ امینیہ کشمیری گیٹ و نائب امیر امارت شرعیہ دہلی و امام و خطیب بسم اللہ مسجد موجپور) نے اپنے پر مغز بیان میں حاضرینِ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے خاص طور سے چار باتیں بیان فرمائیں (1) ایمان اس دنیا کی سب سے زیادہ قیمتی متاع بے ، اس لئے اسکی حفاظت بھی ہر شئ سے زیادہ ضروری اور اہم ہے ، ایمان ان دیکھی اور غیبی چیزوں کو بلا شک و شبہ اسی طرح تسلیم کرنے کا نام ہے جس طرح حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول ہے ، یعنی ایمانیات کو بلا دلیل تسلیم کرنا ہی کامل ایمان ہے ، آج نئی نسل معیارات اور ایمانی چیزوں کے بارے میں شک و تردد کی شکار ہے جس پر ہم لوگوں کو بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے (2) انسان فطری طور پر حصولِ علم کے آلات و ذرائع لے کر دنیا میں آیا ہے ، آنکھ ، کان ، ناک اور دل وغیرہ (یعنی قوتِ بصارت ، قوتِ سماعت ، قوتِ شامہ اور قوتِ شرحِ صدر وغیرہ) (3) آج ہمارا معاشرہ بہت زیادہ انحطاط و تنزل کا شکار ہے ، ہر سطح پر کام اور اصلاح کی ضرورت ہے ، راستوں کو گندگی سے بھرنا ، گھروں سے تھیلیوں میں غلاظت اور کوڑا کرکٹ پھینکنا ، راہ گیروں کو تکلیف پہونچانا ، مسجدوں کو تمباکو اور بیڑی سگریٹ کی بدبووں سے مکدر کرنا بالکل عام اور ناقابل توجہ برائیاں ہیں جنکو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے (4) نئی نسل کو دین و ایمان سکھانا اور اپنی اولاد کو جہنم کی آگ سے بچانا فرض ہے ، جسکے لئے ہم سب کو اپنے گھروں اور علاقوں میں اصلاحات کی کوششیں کرنا اور ہنگامی مہم چلانا لازمی اور ضروری ہے ، علماء کرام اور مساجد کے ذمہ داران اس مہم کو منظم طریقے سے چلائیں اور جمعیتہ علماء ھند کی اصلاح معاشرہ تحریک کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس کا حصہ بنیں ، یہ وقت کا بہت بڑا تقاضہ ہے ۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اعمالِ صالحہ کی توفیق عطاء فرمائے ، اوامر کو بجالانے اور نواہی سے بچنے کی توفیق عطاء فرمائے ، آمین ثم آمین یا رب العالمین ۔
اخیر میں مفتی صاحب کی دعاء پر ہی مجلس کا اختتام ہوا ۔