الہدی اکیڈمی کمہرولی میں جشن یوم جمہوریہ کی دھوم

جالے/دربھنگہ: جشن یومجمہوریہ تقریبات کے سلسلے میں الہدی اکیڈمی کمہرولی میں رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔مختلف النوع ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں سے بستی اور اس کے اطراف کے علاقے فردوس گوش بنے رہے اور ماحول قوس قزحی طلسم زار بنا رہا۔ اکیڈمی کے نائب صدر جناب نظیر احمد صاحب نے گرلس سکشن میں اور سابق اکسائز کمشنر جناب عقیل احمد صاحب نے بوائز سکشن میں پرچم کشائی کی اور طلباء وطالبات اور مجمع سے خطاب کیا اور بچوں نے قومی ترانہ پیش کیا۔ اس موقع پر دربھنگہ سے تشریف لائے تعلیمی بیداری مہم بہار کے صدر جناب نظر عالم صاحب اور ایم آئی ایم ضلعی صدر عظمت اللہ ابو سعید بہ حیثیت مہماناعزازی موجود تھے۔ رسم پرچم کشائی کے بعد طلباء کی ریلی ایک قطار میں بستی کے داخلی و خارجی دروازوں سے ہوتا ہوا بستی کے تمام محلوں سے گزرتا ہوا واپس گرلس سکشن پہونچا۔
خصوصی جلسہ دن کے ساڑھے دس بجے گرلس سکشن میں منعقد ہوا ۔صدارت اکیڈمی کے پرنسپل رسول ساقی صاحب نے فرمائی اور نظامت کے فرائض عدیل ظفر جیلانی نے بہ حسن و خوبی انجام دیے۔ابتدا حسب روایت تلاوتکلام پاک سے ہوئی ۔طلباء و طالبات نے قومی و وطنی نغموں سے حاضرین کو مسحور کیا تو اکیڈمی کے اساتذہ نے اپنی تقاریر میں ہندوستان کے آئین کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال کر حاضرین کی ذہن کشائی کی۔مہمانان اعزازی نظر عام صاحب اور عظمت اللہ ابو سعید نے موجودہ تناظر میں آئین ہند کی افادیت اور ضرورت پر نہایت پر مغز گفتگو کی ۔ مہمان _ خصوصی جناب عقیل الرحمن صاحب نے اپنے خطبے میں الہدی اکیڈمی میں اپنی طالبعلمی کے زمانے کو یاد کیا اور طلباء وطالبات کو اپنے نہایت مفید مشوروں سے نوازا اور یوم جمہوریہ کے اس موقع پر اتنی شاندار محفل آراستہ کرنے کے لئے طلباء ،اساتذہ اور اکیڈمی کے پرنسپل رسول ساقی صاحب کو مبارک باد پیش کی ۔ رسول ساقی صاحب نے اپنے صدارتی خطبے میں اقلیتی طبقے کے طالبعلموں کو سر (ذہن اور دماغ) بڑا کرنے کی صلاح دی جس سے وہ اکثریتی جمہوری نظام میں اپنے حقوق اپنی صلاحیتوں کے بل پر حاصل کر سکیں۔ اکیڈمی کی مدرسہ مس شہنیلا اشفاق کے خوبصورت اور تفصیلی اظہار تشکر کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے