جامعہ خلفاء راشدین پورنیہ کے احاطے میں شجرکاری مہم

پورنیہ 9جولائی (پریس ریلیز)

شمالی بہار کی عظیم تعلیمی وتربیتی مرکز جامعہ خلفاء راشدین،بی بی گمانی بیگم وقف اسٹیٹ 259 /مادھوپارہ،پورنیہ کے وسیع وعریض احاطہ میں ماحولیات پر کام کرنے والی معروف تنظیم گرین پورنیہ کی شجر کاری مہم کے تحت تقریبا سو درخت لگائے گئے۔ اس مہم میں جامعہ کے اساتذہ وذمہ دارن کے ساتھ تمام طلبہ نے بڑھ چڑھ کے حصہ لیااور شوق ودلچسپی کے ساتھ مختلف قسم کے پودے لگائے اوران کی حفاظت ودیکھ ریکھ کرنے کاعزم لیا۔اس میں گرین پورنیہ تنظیم کے عہدیداران وارکان،باڈر سیکوریٹی فورس کے اعلی افسران کے علاوہ میڈیا اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد شریک رہی۔گرین پورنیہ کے بانی اور مشہور سرجن ڈاکٹر انل کمار گپتا نے شجر کاری کے بعد اس مہم میں شریک تمام شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے پیڑ پودوں کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایک چھوٹے بچے کی اچھی نگہداشت اور دیکھ بھال کے ِذریعہ اسے سماج ومعاشرہ کی بھلائی کے لئے اچھا شہری بنایا جاتاہے اسی طرح ایک پودا لگا کر ماحولیات کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ اسے عام انسانوں کی صحت وتندرستی کے لئے فائدہ رساں بنایا جاسکتا ہے۔گرین پورنیہ کے متحرک وفعال کارکن حفظ الرحمن نے کہا کہ جس طرح لوگوں کی دیگر ضرورتوں کو پورا کرنا صدقہ ہے اسی طرح ایک پیڑ لگانا بھی ایک صدقہ،جب تک اس پیڑ سے عوام کو فائدہ پہنچتا رہے گا تب تک اس پیڑ لگانے والے کو بھی ثواب ملتا رہے گا۔اخیر میں میڈیا کے ساتھیوں سے بات کرتے ہوئے معروف سماجی کارکن وجامعہ کے ناظر عام مولانا سید طارق انور نے شجر کاری مہم کی ستائش کی اور اس مہم میں شامل تمام احباب کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اس سے جامعہ کے ساتھ آس پاس کا ماحول بھی ہرابھرا رہے گا۔مہم میں جامعہ کے نائب صدر جناب جاوید طفیل،سکریٹری انجینئر الحاج غیاث الدین اور جامعہ کے مہتمم حضرت مولانا جمیل احمد رحمانی کے علاوہ اساتذہ جامعہ مولانا کفیل الدین ندوی،مفتی ثناء اللہ قاسمی،مولانا انوالحق ندوی،مولانا نیاز احمد ندوی،مفتی حبیب الرحمن قاسمی،مولانا انتخاب عالم پاشا ندوی اور مولانا شاہنواز ندوی کے علاوہ ایک بڑی تعداد شریک رہی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے