میرا مقصد قوم کو بیدار کرنا ہے اور انسانیت کا پیغام گھر گھر تک پہنچانا ہے: معراج احمد قمر

  • قمر فاؤنڈیشن فتح پور کی جانب سے دار عزیز ہال دیویٰ شریف میں ایک سیمینار باعنوان جشن آزادی منعقد

بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری) یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر قمر فاؤنڈیشن فتح پور ضلع بارہ بنکی اتر پردیش کی جانب سے دار عزیز ہال دیویٰ شریف میں ایک سیمینار باعنوان جشن آزادی منعقد کیا گیا جس کی صدارت سدگرو آشرم کے مہنت لکشمیندر داس جی نے کی اور نظامت مولانا منہاج عالم ندوی نےکی۔مہانت لکشمندر داس جی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا سب سے بڑا مذہب انسانیت کا مذہب ہے اگر ہم انسانیت کے مطابق اپنی زندگی نہیں گزار پا رہے ہیں اور ہمارے ذریعے انسانوں کو تکلیف پہنچ رہی ہے تو ہمارا انسان ہونا بیکار ہے، یوم آزادی کی مناسبت سے انہوں نے مزید کہا کہ سن 1947 سے پہلے ہمارے دیش کو انگریزوں نے غلام کر رکھا تھا جس کی آزادی کے لیے ہندو اور مسلمان سبھی نے مل کر جنگ آزادی کی لڑاٸی لڑی اور وہ کامیاب ہوئے اس لیے اس دیش پر سبھی کا برابر کا حق ہے۔ سیمینار کے مہمان خصوصی ارشاد احمد قمر نگر چیئرمین نگر پنچایت فتح پور ضلع بارہ بنکی نے اپنی تقریر میں کہا کہ آج کچھ ناپاک طاقتیں ہیں جو اس دیش کو کمزور کرنا چاہتی ہیں لیکن وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی، ہم اپنے دیش کے لیے ہر وقت مر مٹنے کو تیار ہیں۔ ماسٹر عزیز احمد نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان آج 76 ویں یوم ازادی کا جشن منا رہا ہے آج ہم کو عہد کرنا پڑے گا کہ ہمیں اپنے ملک کی کامیابی اور ترقی کے لیے ہر وقت تیار رہنا ہے۔ مولانا قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنگ آزادی میں علمائے کرام اور مشائخ کا بہت اہم کردار ہے علماء نے دیش کی آزادی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، ہمیں ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہوگا اور اگر ملک کو ضرورت پڑے گی تو ہمیں ہر طرح سے قربانی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ قمر فاؤنڈیشن کے سرپرست مولانا معراج احمد قمر نے فاؤنڈیشن کی جانب سے قومی ملی سماجی و ادبی خدمات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میرا مقصد قوم کو بیدار کرنا ہے اور انسانیت کا پیغام گھر گھر تک پہنچانا ہے۔اس کے علاوہ ڈاکٹر ابرار عثمانی نے اپنے بیان میں کہا کہ یوم آزادی ہمیں بہت ہی جدوجہد کے بعد ملی ہے ہمیں اس کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا اور اس ملک کی حفاظت کے لئے ہمہ تن کوشاں رہنا ہوگا۔اس کے علاوہ بیورو چیف پنجاب کیسری محمد اطہر و ماسٹر فیض عالم نے بھی یوم آزادی پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خاص طور سے محمد عالم قریشی ظفر الاسلام پپو، محمد عالم، محمد ارمان وارثی، محمد سفیان سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے