مظفر پور، 12/ ستمبر (وجاہت، بشارت رفیع) مجوزہ وقف ترمیمی بل 2024 کی مخالفت کے لیے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے جو تحریک چلائی ہے اسی کے مدنظر 15 ستمبر 2024 کو پٹنہ کے باپو سبھا گار میں امیر شریعت بہار جھارکھنڈ و اڑیسہ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب نے ایک بڑا اجلاس بلایا ہے جس میں شرکت کر تمام مسلمان اپنی بیداری کا ثبوت پیش کریں یہ باتیں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے سیکریٹری مولانا محمد تاج الدین قاسمی نے کہی ہے۔ مولانا تاج الدین نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، وقف ترمیمی بل 2024 کے ذریعہ مسلمانوں کی وقف کردہ جائیداد کو ہڑپنے کے مقصد سے مرکزی حکومت پارلیمنٹ میں اس طرح کا بل لائی ہے۔ مولانا تاج الدین نے مزید کہا کہ اللہ کی راہ میں وقف کردہ جائیداد کی حفاظت کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ و امیر شریعت بہار کی آواز کو بلند سے بلند تر بنانے میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ جن سوراج پارٹی کے متحرک رہنما جناب عبدالمجید نے بھی وقف بل کی مخالفت کرتے ہوئے عام عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 تاریخ کو پٹنہ کے باپو سبھاگار میں منعقد ہو رہے اجلاس میں ضرور سے ضرور شرکت کریں اور سیلاب بن کر وقف ترمیمی بل 2024 کو بہا کر ختم کر دیں۔ جناب عبدالمجید نے کہا کہ مسلمانوں کا اہم فریضہ ہے کہ وہ ہر ناانصافی کی مخالفت میں اٹھ کھڑے ہوں اور اور انصاف قائم کرنے میں تعاون پیش کریں۔ تنظیم امارت شرعیہ مظفر پور کے صدر جناب شعیب صاحب نے کہا کہ امارت شرعیہ بہار، جھارکھنڈ و اڑیسہ مسلمانوں کے حق میں ہر وہ کام کرتی ہے جس سے مسلمانوں کے فلاح ہو سکے۔ 15 ستمبر 2024 کو باپو سبھا گار پٹنہ میں وقف ترمیمی بل 2024 کی مخالفت کے لئے بڑا اجلاس بلایا ہے وہ ہندوستان کے مسلمانوں کا مستقبل طے کرے گا۔ راعی شاہد اقبال منا جنرل سیکریٹری تنظیم امارت شرعیہ مظفر پور و صدر راشٹریہ جنتا دل شہری حلقہ مظفر پور نے ہر ایک مسلمان سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر کام چھوڑ کر 15 ستمبر 2024 کو پٹنہ کے باپو سبھاگار میں منعقد ہو رہے اجلاس میں ضرور شرکت کریں۔ یہ اجلاس مسلمانوں کے حق و حقوق کے لئے جاری جدوجھد میں میل کا پتھر ثابت ہوگا۔