امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی آواز کو کریں بلند : تاج العارفین
مظفر پور، 13/ ستمبر (وجاہت، بشارت رفیع) پورے ملک میں وقف کی بڑی بڑی جائیدادیں ہیں جو اس ملک کے مسلمانوں کے قیمتی اثاثے ہیں، اوقاف کی جائیدادوں میں ہماری مسجدیں، مدرسے، قبرستان، خانقاہیں، امام باڑے اور دوسرے دینی مراکز قائم ہیں یہ اوقاف مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی زبوں حالی کو دور کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں، ان اوقاف کی حفاظت ملک کے ہر ایک مسلمان کا دینی اور ملی فریضہ ہے۔ موجودہ وقف ترمیمی بل جسے گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تھا سے وقف کی حفاظت خطرے میں پڑ جائے گی بلکہ اوقاف کا تصور تقریباً ختم ہوجائے گا، اس لئے موجودہ وقت کا ایک اہم مطالبہ ہے کہ مسلمان متحد ہو کر اس بل کی مخالفت کریں اور مسلم پرسنل لاء بورڈ و امارت شریعت بہار اڑیسہ جھارکھنڈ کی رہنمائی میں وقف ترمیمی بل کے خلاف چلائے جا رہے مہم کا حصہ بنیں! یہ باتیں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے صوبائی کنوینر و آزاد صحافی جناب محمد رفیع نے کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امارت شریعہ بہار اڑیسہ جھارکھنڈ کی طرف سے تحفظ اوقاف کانفرنس گاندھی میدان سے متصل باپو سبھاگار ہال میں منعقد ہو رہا ہے، یہ پروگرام 15 ستمبر 2024 بروز اتوار صبح نو بجے سے منعقد ہوگا، تمام مسلمان یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس پروگرام میں شرکت کریں۔ قومی اساتذہ تنظیم کے صوبائی صدر جناب تاج العارفین نے اس مناسبت سے کہا کہ امارت شریعہ بہار، اڑیسہ ، جھارکھنڈ کی طرف سے 15 ستمبر کو باپو سبھاگار پٹنہ میں منعقد ہونے والا تحفظ اوقاف کانفرنس ایک اہم اور وقت کے تقاضے کے مطابق ہے اس لیے تمام مسلمان حضرت امیر شریعت بہار اڑیسہ جھارکھنڈ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ العالی کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے بڑی تعداد میں پٹنہ پہنچ کر اس کانفرنس کو کامیاب بنائیں،انہوں نے تمام مسلمانوں سے یہ گزارش کی کہ وہ قومی سطح پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور صوبائی سطح پر امارت شریعہ بہار اڑیسہ جھارکھنڈ کی رہنمائی میں وقف ترمیمی ایکٹ کی مخالفت کے لیے چلائی جا رہی مہم کا حصہ بنیں اور آپس میں تقسیم ہونے سے بچیں۔ قومی اساتذہ تنظیم کے صوبائی سیکرٹری مولانا محمد تاج الدین قاسمی نے کہا کہ 15 ستمبر کو منعقد ہونے والا تحفظ اوقاف کانفرنس اہم ترین پروگرام ہے جس میں بہار اڑیسہ اور جھارکھنڈ کی نمایاں اور نمائندہ شخصیات شرکت فرما رہے ہیں اس لیے تمام اوقاف کے ذمہ داران، مساجد و مدارس کے صدر، سیکرٹری اور ممبران و تمام سماجی حضرات اور عوام الناس سے خصوصی اپیل ہے کہ وہ اس پروگرام میں شرکت فرمائیں۔