ممبئی: عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر جماعت اسلامی ہند کی یوتھ موومنٹ نے تین مقامات، میرا روڈ، مدن پورہ اور مالونی میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔ یہ کیمپ نہ صرف خدمتِ خلق کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوا بلکہ عید میلاد النبی ﷺ کی روح کو اجاگر کرتے ہوئے انسانیت کی فلاح و بہبود کا پیغام بھی دینے میں کامیاب رہا۔
میرا روڈ: میرا روڈ میں یوتھ موومنٹ کے زیرِ اہتمام بلڈ ڈونیشن کیمپ میں 89 یونٹس جمع ہوئے۔ مقامی لوگوں نے اس کاوش کی بھرپور تعریف کی، خاص طور پر نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر خون عطیہ کیا۔ کیمپ میں مقامی اسپتال کے ماہرین نے تعاون فراہم کیا، جنہوں نے عطیہ دہندگان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں محفوظ طریقے سے خون عطیہ کرنے کے عمل میں مدد فراہم کی۔
مالونی:
مالونی میں بھی بلڈ ڈونیشن کیمپ میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ کیمپ میں مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے حصہ لیا اور 142 یونٹس اکٹھا ہوئے۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اس طرح کے فلاحی کاموں کا مقصد نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنانا اور انسانیت کی خدمت کے پیغام کو عام کرنا ہے۔
مدن پورہ:
مدن پورہ میں منعقدہ کیمپ نے زبردست کامیابی حاصل کی، جہاں لوگوں نے جذبۂ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلڈ ڈونیشن میں بھرپور شرکت کی اور 60 یونٹس اکٹھاہوئے۔ منتظمین کے مطابق، عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے یہ اقدام ان کے مشن "خدمتِ خلق” کا حصہ ہے، جو انسانی جانوں کو بچانے اور معاشرے میں فلاحی کاموں کو فروغ دینے کے لیے اٹھایا گیا۔
جماعت اسلامی ہند کی یوتھ موومنٹ کی اس کاوش کو مقامی لوگوں اور سماجی رہنماؤں کی جانب سے خوب سراہا گیا، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ اس قسم کے فلاحی اقدامات معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد کا مقصد اسپتالوں میں خون کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنا ہوتا ہے۔ ہر سال سینکڑوں مریضوں کو خون کی اشد ضرورت ہوتی ہے، اور اس طرح کے اقدامات انسانی زندگی بچانے میں انتہائی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
یوتھ موومنٹ کے ذمّہ داران نے عہد کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کے فلاحی کاموں کو جاری رکھیں گے تاکہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ مزید پروان چڑھ سکے۔
یوتھ موومنٹ جماعت اسلامی ہند ممبئی شہر