الہ آباد، بھگوان کی نگری

ازقلم : جسٹس مارکنڈے کاٹجو

میں الہ آباد کا اصل باشندہ ہوں، اور الہ آباد کا مطلب ہے وہ شہر جہاں ایشور خود قیام پذیر ہوتے ہیں۔
انتہا پسندوں نے بھلے ہی میرے آبائی شہر کا نام بدل دیا ہے، لیکن میرے لیے الہ آباد ہمیشہ الہ آباد ہی رہے گا۔
اس نام میں کیا خرابی تھی؟ اس کا مطلب ہے وہ شہر جہاں بھگوان خود رہتے ہیں۔ میں نے اپنی 78 سالہ زندگی میں سے 58 سال اس شہر میں گزارے ہیں، تو آج جو کچھ بھی ہوں، وہ بھگوان کے شہر کی دین ہے۔

جب میں بہت چھوٹا تھا، تو الہ آباد تین حصوں میں تقسیم تھا – سول لائنز، کٹرا، اور چوک، اور اس وقت کی آبادی تقریباً 3 لاکھ تھی۔ میں سول لائنز میں رہتا تھا۔
اب یقیناً اس کا دائرہ وسیع ہو چکا ہے، اور اس کی آبادی تقریباً 15 لاکھ ہو گئی ہے۔

اب میں الہ آباد کی عظمت کے بارے میں بتاتا ہوں۔
یہ وہی شہر ہے جہاں بھگوان رام اپنی ایودھیا سے جلاوطنی کے بعد آئے تھے، اور سنگم (گنگا، جمنا اور خیالی سرسوتی ندیوں کے سنگم) کے کنارے رشی بھردواج کے آشرم میں ان سے ملے تھے۔
یہ وہی شہر ہے جس کے بارے میں عظیم شاعر تُلسی داس نے اپنی رام چرِت مانس میں لکھا ہے:
”کو کہی سکیہہ پریاگ پربھاٶ
کلُش پُنجُ کُنجَرُ مرگُ راٶ ”
(کون پریاگ کی عظمت کو بیان کر سکتا ہے؟
یہ تمام گناہوں کو مٹا دیتا ہے، جیسے شیر ہاتھی کو مار دیتا ہے)

یہ وہی شہر ہے جہاں سمراٹ ہرش وردھن نے 643ء میں پہلی کمبھ میلے میں اپنی مجلس کی تھی، جس میں انہوں نے تمام مذاہب کے سنتوں اور عالموں (جس میں چینی بدھ زائر ہؤن سانگ بھی شامل تھے) کی عزت افزائی کی تھی، اور پھر اپنی تمام دولت غرباء میں بانٹ دی تھی، اور اپنی بہن راجیشری سے قرض لے کر ایک کپڑے سے اپنے ننگے بدن کو ڈھکا تھا۔

یہ وہی شہر ہے جہاں ہر 12 سال بعد کمبھ میلے کی تقریبات ہوتی ہیں، جو دنیا کی سب سے بڑی ہوتی ہیں (2019 میں 20 کروڑ لوگ)۔
یہ وہی شہر ہے جہاں ہندو اپنے مردوں کی راکھ سنگم میں بہاتے ہیں۔
یہ وہی شہر ہے جو بھارتی آزادی کی تحریک کا مرکز رہا ہے۔
یہ وہی شہر ہے جس نے عظیم عالم، شاعر اور قاضی پیدا کیے ہیں۔

الہ آباد میں، میں نے بہت سے لوگوں سے ملاقات کی، جو ذہنی طور پر مجھ سے کہیں زیادہ اعلیٰ تھے (وہ سب اب وفات پا چکے ہیں)، اور میں ان کے قدموں میں بیٹھ کر ایک عاجز طالب علم کی طرح چیزوں، واقعات اور کتابوں کی ان کی عقلی تشریح سنتا تھا، یہاں تک کہ میں نے بھی علم کا ایک وسیع ذخیرہ بنا لیا۔

حالانکہ میری پیدائش لکھنؤ میں ہوئی تھی، لیکن میرا بچپن الہ آباد میں گزرا۔ میں وہاں بوائز ہائی اسکول، گورنمنٹ انٹر کالج، اور الہ آباد یونیورسٹی کا طالب علم تھا، پھر الہ آباد ہائی کورٹ میں وکیل بنا، اور بالآخر 1991ء میں ہائی کورٹ میں جج بنا۔
میرا الہ آباد سے جلاوطنی 2004ء میں شروع ہوا جب مجھے مدراس ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا، اور تب سے میں الہ آباد سے باہر رہا ہوں (کچھ مختصر دوروں کے علاوہ)۔

عظیم اُردو شاعر منور رانا نے اپنی طویل نظم ‘مہاجر نامہ’ میں الہ آباد کے بارے میں یہ اشعار لکھے تھے (جو ان مہاجروں کے درد کو بیان کرتی تھی جو تقسیم کے وقت بھارت سے پاکستان چلے گئے تھے، لیکن بعد میں اسے لے کر پچھتاتے تھے):

”گلے ملتی ہوئی ندیاں، گلے ملتے ہوئے موسم
الہ آباد کا کیسا نظارہ چھوڑ آئے ہیں؟
کل ایک امرود والے سے کہنا پڑ گیا مجھ کو
جہاں سے آئے ہیں اس پھل کی باغیچہ چھوڑ آئے ہیں
کچھ دیر تک تو وہ تاکتا رہا مجھ کو، پھر بولا
وہ سنگم کا علاقہ چھوٹا، یا چھوڑ آئے ہیں؟
ابھی ہم سوچ میں تھے کہ اُس سے کیا کہا جائے
ہمارے آنسوؤں نے راز اُگلا، چھوڑ آئے ہیں”

میری بھی یہی حالت ہے، جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
مجھے سول لائنز، چوک، کٹرا، میرا اسکول، یونیورسٹی، ہائی کورٹ، کافی ہاؤس، سنگم وغیرہ کی بہت یاد آتی ہے، لیکن یہ سب ہوا کے ساتھ اُڑ گیا۔
میں اب زیادہ تر نوئیڈا کے ایک فلیٹ تک محدود ہوں، جیسے پاکستان میں بلکتا ہوا مہاجر جو اپنی مادر وطن کو چھوڑنے کے افسوس میں اکثر روتا رہتا ہے۔

I am thankful to Tarique Zaman for this translation

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے