اہلحدیث کانفرنس میں سَنگھ نواز عمیر الیاسی کی شرکت اور اس کا بیان !

دہلی میں جمعیت اہلحدیث کانفرنس کا بڑا ہی شرمناک پہلو سامنے آیا ہے
اہلحدیث کانفرنس میں عمیر الیاسی نامی بہروپیے کو مدعو کیا گیا جسے لوگ ملت کا غدار اور کردوغلو سمجھتے ہیں کیونکہ یہ شخص ہمیشہ نریندر مودی اور آر ایس ایس کے ساتھ کھڑا رہتا ہے مسلمانوں پر ظلم کرنے والی ہندوتوادی طاقتوں کے آلہءکار کے طور پر نظر آتا ہے۔
عمیر الیاسی نے بابری مسجد کی جگہ تعمیر کی گئی رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرکے مسلمانوں کو تکلیف پہنچائی ہے کیا ایسے شخص کو ملت اسلامیہ کی ایک جماعت کی مرکزی کانفرنس کے اسٹیج پر جگہ دینا کسی بھی طرح درست ہے ؟
عمیر الیاسی نریندر مودی کے ہر ظالمانہ اقدام کی تائید کرتا ہے
عمیر الیاسی آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کا چہیتا ہے یہاں تک کہ بھاگوت کو ” راشٹر پِتا ” تک قرار دینے کا مطالبہ کرتا ہے ۔
آر ایس ایس مودی، بھاگوت اور بابری کی جگہ قائم کی گئی رام مندر کو صحیح ٹھہرانے والے شخص کو ملت اسلامیہ کے درمیان پیش کرنے کا کیا مطلب ہے ؟ اس حرکت کے ذریعے اہلحدیث کانفرنس کے آرگنائزروں نے آخر کس کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے اور جمعیت اہلحدیث کے مرکزی پروگرام میں عقیدت و محبت سے آئے ہوئے مسلمانوں کا کن مقاصد کے لیے استحصال کیا ہے ؟
یہ بہت ہی شرمناک واقعہ ہے ۔
اس کےعلاوہ اس پروگرام میں عمیر الیاسی نے جو تقریر کی ہے وہ مزید واہیات ہے،
عمیر الیاسی نے جمعیت اہلحدیث کے اسٹیج سے نریندر مودی کی تعریف کی اور اپنے بیان کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ مسلمانوں نے دہشتگردی کے خلاف واضح اور صریح رخ اختیار نہیں کیا اور دہشتگردانہ سرگرمیوں کے خلاف مسلمانوں نے بھرپور صفائی نہیں دی،
عمیر الیاسی نے جمعیت اہلحدیث کانفرنس میں آئے ہوئے مسلمانوں کو سادھوؤں پنڈتوں سے دوستی کرنے اور مسلمان بچوں کو آشرموں اور مندروں میں جانے اور تین تین دن ٹھہرنے کی ترغیب بھی دی ہے اور اس بابت اپنا واقعہ بھی سنایا ۔
عمیر الیاسی کا اہلحدیث کانفرنس سے نریندر مودی کی تعریف مسلمانوں پر دہشتگردوں کی مخالفت کما حقہ نہ کرنے کا الزام اور مسلمانوں کو ہندو آشرموں میں جانے کی ترغیب دلانا بہت بڑی غلط باتیں ہیں آخری بات خاص طور پر مسلمانوں کے نظریہ توحید کے خلاف ہے اور مسلمانوں میں شرک کی سنگینی کو کمزور کرنے کی کوشش!
اس پر اہلحدیث کانفرنس کے ذمہ داران کو وضاحت کرنی چاہیے اور درست رہنمائی کرنی چاہیے ۔
ہم اپنے اہلحدیث برادران سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کو اتنی چھوٹ نہ دیں کہ وہ عمیر الیاسی جیسی سطح کے غدار سمجھے جانے والے اور مودی، بھاگوت اور سنگھ پریوار کے چہیتے کو اہلحدیث کانفرنس میں بلا کر عزت افزائی کرنے لگ جائیں اس سے پوری جماعت کا وقار خراب ہوتا ہے، اور جب ایسے لوگ مسلمانوں کی کسی اہم جماعت کے مرکزی اسٹیج پر نظر آتے ہیں تو اس سے عام مسلمانوں کو تکلیف پہنچتی ہے!
ملت اسلامیہ کی مختلف قدآور شخصیات بھی اس کانفرنس میں شریک ہوئیں ہم کسی کا نام ابھی نہیں لیتے ہیں کیونکہ ان کےمتعلق ہمارا حسن ظن ہے کہ شاید انہیں عمیر الیاسی جیسے سَنگھ نواز ہندوتوادی شخص کی شرکت کا پیشگی علم نہیں ہوگا اسی لیے وہ بے خبری میں شریک ہوگئے، اسلیے شرکت کی وجہ سے ان پر کوئی سوال نہیں بنتا لیکن اب جبکہ عمیر الیاسی کی شرکت اور ایسی سنگھ نواز باتیں اُسی اسٹیج سے سامنے آگئی ہیں جس پر ملت اسلامیہ کی مختلف جماعتوں اور تنظیموں نے بھی شرکت کی ہے تو ان پر اصولی ذمہ داری ہے کہ وہ عمیر الیاسی اور اس کے بیان پر اپنی رائے واضح کرکے عام مسلمانوں کو اس کی گمراہیوں سے محفوظ کریں۔
✍️: سمیع اللہ خان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے